دبئی کی ابتدائی عدالت نے دبئی ہلز میں واقع 7 لاکھ درہم مالیت کی جائیداد کی ملکیت خریدار کے نام منتقل نہ کرنے پر فروخت کنندہ کو مجموعی طور پر 4 لاکھ 60 ہزار درہم ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے جائیداد کی خرید و فروخت کا معاہدہ منسوخ کرتے ہوئے فروخت کنندہ کو خریدار سے وصول کردہ 2 لاکھ 30 ہزار درہم کی ایڈوانس رقم واپس کرنے اور معاہدے کی خلاف ورزی پر مزید 2 لاکھ 30 ہزار درہم بطور معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کی۔
دونوں فریقوں کے درمیان مارچ میں 7 لاکھ درہم میں جائیداد کی فروخت کا معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت خریدار نے 2 لاکھ 30 ہزار درہم پیشگی ادا کیے، جبکہ باقی قیمت اور رجسٹریشن فیس کی مد میں 35 ہزار درہم کے علیحدہ چیک بھی فراہم کیے۔ معاہدے کے مطابق فروخت کنندہ کو ایک ماہ کے اندر ملکیت کی ضروری دستاویزات فراہم کرکے دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے جائیداد خریدار کے نام منتقل کرنا تھی، تاہم مقررہ مدت میں یہ عمل مکمل نہیں کیا گیا۔
عدالتی کارروائی کے دوران فروخت کنندہ کی جانب سے ملکیت کی منتقلی کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا، جبکہ خریدار نے اپنی مالی ذمہ داریاں پوری کرنے کے شواہد فراہم کیے۔ عدالت نے قرار دیا کہ قابلِ قبول جواز کے بغیر ملکیت منتقل نہ کرنا معاہدے سے دستبرداری کے مترادف ہے۔ عدالت نے فروخت کنندہ کو مجموعی طور پر 4 لاکھ 60 ہزار درہم ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ مقدمہ دائر ہونے کی تاریخ سے مکمل ادائیگی تک اس رقم پر سالانہ 5 فیصد سود بھی واجب الادا ہوگا۔