تاریخ اشاعت: April 11, 2026 - 5:21 PM
Dubai Real Estate Market Hit by Sharp Downturn Amid Iran War, Transactions Decline by Over 30%
ایران جنگ کے باعث دبئی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں شدید مندی، ٹرانزیکشنز میں 30 فیصد سے زائد کمی واقع ہوگئی
▫️مارکیٹ میں بے یقینی کی صورتحال برقرار ، قیمتوں میں مزید کمی اور خریداروں کی محتاط حکمتِ عملی جاری
دبئی | ری نیوز انٹرنیشنل ڈیسک نیوز دبئی کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ ایران جنگ کے اثرات کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد کمزور پڑا ہے اور پراپرٹی کی خرید و فروخت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ غی...
دبئی کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ ایران جنگ کے اثرات کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد کمزور پڑا ہے اور پراپرٹی کی خرید و فروخت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رئیل اسٹیٹ پلیٹ فارم کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ پراپرٹی ٹرانزیکشنز میں 30.50 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ 28 فروری سے قبل جہاں 17 ہزار 27 ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئیں، وہیں 2 مارچ سے 29 مارچ کے درمیان یہ تعداد کم ہو کر 11 ہزار 828 رہ گئی۔ کم و بیش یہی صورتحال اپریل کے ابتدائی ایام میں بھی برقرار ہے ۔
رپورٹ کے مطابق اسی عرصے میں مجموعی مالی حجم بھی 36 فیصد کمی کے ساتھ 16.53 ارب ڈالر سے کم ہو کر 10.58 ارب ڈالر تک آگیا ہے۔ اس کے علاوہ دبئی فنانشل مارکیٹ کا رئیل اسٹیٹ انڈیکس بھی 21.23 فیصد تک نیچے آ گیا ہے۔ رئیل اسٹیٹ بزنس سے وابستہ تجزیہ کاروں اور پراپرٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سست روی محض اعداد و شمار تک محدود نہیں بلکہ مارکیٹ میں گہری بے یقینی کی عکاسی کرتی ہے۔
استنبول کی رئیل اسٹیٹ سروسز ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین بیرام ٹیکسے کے مطابق پراپرٹی خریداری کی طلب میں 70 فیصد تک کمی دیکھی گئی ہے، جس کے اثرات آئندہ مہینوں میں مزید واضح ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خاموش سڑکیں اور کمزور سیاحتی سرگرمیوں کے باعث ڈویلپرز کو قیمتوں میں رعایت اور ادائیگی کے لچکدار منصوبے متعارف کرانے پڑ رہے ہیں تاکہ مارکیٹ کو سہارا دیا جا سکے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ بعض خدشات کے باعث متحدہ عرب امارات نے تقریباً 6 لاکھ ایرانی شہریوں کے ریزیڈنسی ویزا یا پرمٹ کی توسیع بھی عارضی طور پر روک دی ہے۔
رئیل اسٹیٹ ایڈوائزری کمپنی کے سی ای او براک اوستوغلو کے مطابق مارکیٹ اس وقت “دیکھو اور انتظار کرو” کی پالیسی پر چل رہی ہے، جہاں خریدار کم ادائیگی اور طویل اقساط والے منصوبوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق پراپرٹی کی قیمتیں پہلے ہی تقریباً 10 فیصد تک کم ہو چکی ہیں، اور اگر صورتحال مزید خراب ہوئی تو قیمتوں میں مجموعی طور پر 30 فیصد تک مزید کمی کا خدشہ موجود ہے۔