تاریخ اشاعت: April 14, 2026 - 5:30 PM
Experts Warn as Donald Trump Family’s Real Estate Deals Surge, Raising Concerns Over Financial Gains from Presidency
ٹرمپ خاندان کے رئیل اسٹیٹ معاہدوں میں تیزی، صدارت سے مالی فائدہ اٹھانے پر ماہرین کی تنبیہ
▫️ سعودیہ، ویتنام ،قطر جیسے ملکوں میں جاری رئیل اسٹیٹ منصوبوں اور کرپٹو سرمایہ کاری سے آمدن میں نمایاں اضافہ ہوگیا
نیویارک | ری نیوز انٹرنیشنل ڈیسک نیوز امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت کے دوران ان کے نجی کاروباری ادارے کی سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد مفادات کے ٹکراؤ اور سرکاری عہدے کے ساتھ نجی فائدے کے...
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت کے دوران ان کے نجی کاروباری ادارے کی سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد مفادات کے ٹکراؤ اور سرکاری عہدے کے ساتھ نجی فائدے کے تعلق پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
واضح رہے ڈونلڈ ٹرمپ بنیادی طور پر رئیل اسٹیٹ بزنس سے منسلک ہیں۔ اور انکی کمپنی "دی ٹرمپ آرگنائزیشن" وسیع پیمانے پر کنسٹرکشن اور پراجیکٹ ڈویلپمنٹ کا کام کرتی ہے ۔ اس کمپنی کی بنیاد 1923 میں رکھی گئی تھی جسے ٹرمپ نے 1971 میں خرید لیا۔
رپورٹس کے مطابق ٹرمپ خاندان کی طرف سے عالمی سطح پر اپنے کاروباری معاہدوں میں نمایاں تیزی آ ئی ہے۔ جہاں ٹرمپ کی پہلی مدتِ صدارت میں کوئی بڑا بیرونِ ملک معاہدہ نہیں ہوا تھا، وہیں گزشتہ ایک سال کے دوران کم از کم آٹھ بین الاقوامی معاہدے کیے گئے۔ ان میں ویتنام، قطر اور سعودی عرب میں رئیل اسٹیٹ منصوبے شامل ہیں، جن میں بعض اوقات سرکاری یا حکومت سے منسلک ادارے بھی شریک ہیں۔
اسی دوران خاندان نے کرپٹو کرنسی کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری بڑھائی ہے، جس سے بھاری آمدن حاصل ہوئی۔ ایک اہم معاہدے کے تحت ان کے کرپٹو کاروبار ورلڈ لبرٹی فنانشل کا تقریباً نصف حصہ متحدہ عرب امارات سے منسلک ایک کمپنی کو 500 ملین ڈالر میں فروخت کیا گیا۔ مزید برآں ڈیجیٹل اثاثوں اور Binance جیسے پلیٹ فارمز سے جڑے معاملات نے بھی آمدن میں اضافہ کیا۔
مالی لحاظ سے یہ اضافہ انتہائی نمایاں رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹرمپ خاندان نے صرف چار ماہ میں “میم کوائنز” کی فروخت سے اتنی آمدن حاصل کی جتنی واشنگٹن ڈی سی میں ایک لگژری ہوٹل چلانے سے چار سال میں حاصل ہوئی تھی۔ اندازہ ہے کہ ٹرمپ کی مجموعی دولت بڑھ کر تقریباً 6.3 ارب ڈالر ہو گئی ہے، جو کہ 60 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
تاہم ان پیش رفتوں پر ماہرین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر Timothy Naftali مطابق ماضی کی پابندیاں اب ختم ہوتی دکھائی دیتی ہیں، جبکہ پرنسٹن یونیورسٹی Julian Zelizer نے خبردار کیا کہ یہ رجحان مستقبل کے صدور کے لیے ایک خطرناک مثال بن سکتا ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ کچھ معاہدے ایسے اداروں سے جڑے ہوئے ہیں جو امریکی حکومتی معاہدوں یا مالی معاونت کے خواہاں ہیں، جس سے اثر و رسوخ اور شفافیت کے حوالے سے سوالات جنم لیتے ہیں۔ اس کے جواب میں وائٹ ہاؤس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹرمپ کا ان کاروباری معاملات سے براہِ راست کوئی تعلق نہیں اور ان کے اثاثے ان کے بچوں کے زیرِ انتظام ایک ٹرسٹ میں رکھے گئے ہیں۔
اس کے باوجود ٹرمپ خاندان کی کاروباری توسیع چاہے وہ رئیل اسٹیٹ ہو، کرپٹو کرنسی یا دیگر سرمایہ کاری، مسلسل توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، اور ماہرین کے مطابق یہ رجحان مستقبل میں دیگر صدور کے مالی و اخلاقی طرزِ عمل کو متاثر کر سکتا ہے ۔