تاریخ اشاعت: April 27, 2026 - 9:45 AM
Morocco Inaugurates $700 Million Mohammed VI Tower, Among Africa’s Tallest Skyscrapers
مراکش میں 700 ملین ڈالر کی لاگت سے “محمد ششم ٹاور” کا افتتاح، افریقہ کی بلند ترین عمارتوں میں شامل
▫️ 55 منزلہ فلک بوس عمارت میں ہوٹل، دفاتر اور پرتعیش اپارٹمنٹس شامل، منصوبہ 2030 فیفا ورلڈ کپ تیاریوں کا حصہ ہے
مراکش کے دارالحکومت کے تاریخی مناظر کے پس منظر میں 700 ملین ڈالر کی لاگت سے تعمیر کیے گئے 55 منزلہ “محمد ششم ٹاور” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے، جو ملک کے بڑھتے ہوئے عالمی عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ عمارت مراکش کے بادشاہ کے نام سے منسوب ہے اور اس کا ڈیزائن راکٹ لانچ پیڈ سے متاثر ہے۔ 820 فٹ بلند اس ٹاور میں عالمی معیار کا والڈورف آسٹوریا ہوٹل، جدید دفاتر، دکانیں، ریستوران اور مہنگے رہائشی اپارٹمنٹس شامل ہیں۔
“محمد ششم ٹاور” کو افریقہ کی بلند ترین عمارتوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کی ترقیاتی کمپنی کی ڈائریکٹر لیلیٰ ہداوی کے مطابق اس سے 450 براہِ راست جبکہ تقریباً 3500 بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
یہ فلک بوس عمارت دارالحکومت رباط کے جڑواں شہر سلے میں واقع ہے، جس کی تعمیر میں آٹھ سال کا عرصہ لگا۔ اس منصوبے میں ایک درجن سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے 2500 سے زیادہ کارکنوں نے حصہ لیا۔ اس عمارت کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس کی تصویر مراکش کے 200 درہم کے کرنسی نوٹ پر بھی نمایاں کی جا چکی ہے۔
یہ منصوبہ 2030 کے فیفا ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس ٹاور کا تصور 93 سالہ ارب پتی عثمان بن جلون نے پیش کیا تھا، جنہیں یہ خیال 1969 میں ناسا کے چاند مشن کی ایک سیمولیشن میں شرکت کے بعد آیا۔
حامیوں کے مطابق یہ جدید فلک بوس عمارت مراکش کی بڑھتی ہوئی “سافٹ پاور” اور افریقہ و مشرق وسطیٰ میں ایک ابھرتے ہوئے علاقائی کردار کی مضبوط علامت ہے۔