تاریخ اشاعت: April 29, 2026 - 12:40 AM
USA: Interest in Construction Sector Among 18 to 25 Year Olds Doubles Over a Decade, Says National Association of Home Builders Report
امریکہ: ایک دہائی میں 18 سے 25 برس کے افراد کی تعمیراتی شعبے میں دلچسپی دگنی ہوگئی، نیشنل ایسوسی ایشن آف ہوم بلڈرز کی رپورٹ
▫️این اے ایچ بی کی طرف سے کانگریس میں زیر غور "کنسٹرکٹس ایکٹ" کی حمایت، ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے کیلئے ہنر مند افرادی قوت کی فوری ضرورت
امریکا میں بدلتے ہوئے لیبر مارکیٹ کے رجحانات اور مصنوعی ذہانت (AI) کے بڑھتے اثرات کے باعث نوجوان نسل روایتی کیریئر راستوں پر نظرثانی کرتے ہوئے تعمیراتی شعبے کی جانب متوجہ ہونے لگی ہے۔ نیشنل ایسوسی ایشن آف ہوم بلڈرز (NAHB) کی ایک تازہ تحقیق کے مطابق 18 سے 25 سال کی عمر کے افراد میں تعمیراتی پیشوں میں دلچسپی گزشتہ دہائی کے دوران دگنی ہو گئی ہے، جو اس شعبے کے بارے میں بدلتے ہوئے تاثر کی عکاسی کرتی ہے۔
سروے کے مطابق 2016 میں جہاں صرف 3 فیصد نوجوان تعمیراتی شعبے میں کیریئر کے خواہشمند تھے، وہیں 2026 میں یہ شرح بڑھ کر 6 فیصد ہو گئی ہے۔ شرکاء نے اس شعبے کے اہم فوائد میں بہتر معاوضہ اور عملی مہارتیں سیکھنے کے مواقع کو نمایاں قرار دیا، جہاں 73 فیصد نے اچھی آمدنی جبکہ 65 فیصد نے ہنر کے حصول کو ترجیح دی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا کو تقریباً 12 لاکھ گھروں کی کمی کا سامنا ہے۔ اس خلا کو پُر کرنے اور تعمیراتی صنعت کی بڑھتی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے آئندہ تین برسوں میں تقریباً 22 لاکھ ہنر مند کارکنوں کی ضرورت ہوگی، جس میں ریٹائر ہونے والے افراد کی جگہ نئے کارکنوں کی شمولیت بھی شامل ہے۔
صنعتی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مثبت رجحان کے باوجود نوجوانوں میں اس شعبے کے مواقع کے بارے میں آگاہی اب بھی محدود ہے۔ این اے ایچ بی کے چیئرمین بل اوونز کے مطابق بہت سے نوجوان اس حقیقت سے ناواقف ہیں کہ تعمیراتی پیشے نہ صرف قومی اوسط سے زیادہ اجرت فراہم کرتے ہیں بلکہ یہ چھوٹے کاروبار کے قیام کا ذریعہ بھی بن سکتے ہیں۔
انہوں نے تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ ہنر مند پیشوں کو چار سالہ ڈگری کے متبادل کے طور پر پیش کریں، جبکہ حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فنی تعلیم کیلئے فنڈنگ میں اضافہ اور روزگار کے مواقع تک رسائی کو بہتر بنائیں۔
اسی تناظر میں این اے ایچ بی نے کانگریس میں زیر غور دو جماعتی بل "کنسٹرکٹس ایکٹ" کی حمایت کی ہے، جس کا مقصد تربیتی نظام کو مضبوط بنا کر تعمیراتی اور دیگر ضروری شعبوں میں افرادی قوت کی کمی کو دور کرنا ہے۔
سروے کے مطابق کیریئر کے حوالے سے غیر یقینی کا شکار 30 فیصد نوجوانوں نے کہا کہ اگر مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے تو وہ تعمیراتی شعبے پر غور کر سکتے ہیں، جو ایک دہائی قبل 18 فیصد تھا۔ مزید برآں، ابتدائی طور پر اس شعبے میں دلچسپی نہ رکھنے والے 52 فیصد افراد نے بھی بہتر تنخواہ کی صورت میں اپنا فیصلہ تبدیل کرنے کی آمادگی ظاہر کی۔ ان میں سے 32 فیصد کم از کم 90 ہزار ڈالر سالانہ جبکہ 20 فیصد 60 سے 80 ہزار ڈالر کے درمیان آمدنی پر اس شعبے کو اختیار کرنے کیلئے تیار ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق تعمیراتی شعبے میں کام کرنے والے نصف افراد کی سالانہ آمدنی 60,320 ڈالر سے زائد ہے، جبکہ بالائی 25 فیصد کم از کم 81,510 ڈالر کماتے ہیں۔ اس کے برعکس امریکا میں تمام پیشوں کی اوسط سالانہ آمدنی 49,500 ڈالر ہے۔
ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت اور آٹومیشن کی ترقی بھی اس رجحان پر اثرانداز ہو رہی ہے، کیونکہ انتظامی امور، کسٹمر سروس اور ابتدائی تجزیاتی کام جیسے شعبوں میں خودکار نظام متعارف ہو رہے ہیں۔
اس کے برعکس تعمیراتی شعبے میں جسمانی مہارت اور عملی تجربہ درکار ہوتا ہے، جس کے باعث یہ پیشے آٹومیشن کے اثرات سے نسبتاً محفوظ سمجھے جاتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی رہائشی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہنر مند افرادی قوت کی دستیابی ناگزیر ہے، اور اس مقصد کیلئے فنی تربیت کے مواقع میں اضافہ اور نوجوانوں میں شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔