تاریخ اشاعت: April 30, 2026 - 3:10 PM
Dubai Eases Property Visa Policy, Residency Now Possible Through Joint Investment
دبئی میں پراپرٹی ویزا پالیسی میں بڑی نرمی، مشترکہ سرمایہ کاری پر بھی رہائش ممکن
دو سالہ رہائشی ویزا کیلئے سنگل اونرشپ کی شرط ختم، سرمایہ کاری کی حد 10 سے 20 لاکھ درہم مقرر
دبئی میں حکومت نے پراپرٹی ویزا قوانین میں اہم نرمی کا اعلان کرتے ہوئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے نئی سہولیات متعارف کرا دی ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت جائیداد کی خریداری پر دو سالہ رہائشی ویزا کا حصول مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب دو سالہ انویسٹر ویزا کیلئے سنگل مالک ہونے کی شرط ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد مشترکہ پراپرٹی میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد بھی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ تاہم، مشترکہ ملکیت کی صورت میں ہر سرمایہ کار کا حصہ کم از کم 4 لاکھ درہم ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت دبئی کا دو سالہ انویسٹر ویزا اب پہلے کے مقابلے میں زیادہ قابل رسائی اور لچکدار ہو گیا ہے۔
دوسری جانب، 5 سالہ ریٹائرمنٹ ویزا کیلئے 10 لاکھ درہم کی سرمایہ کاری کی شرط برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ اس کے حصول کیلئے کم از کم عمر 55 سال مقرر ہے۔ اسی طرح 10 سالہ گولڈن ویزا کیلئے 20 لاکھ درہم کی سرمایہ کاری بدستور لازمی قرار دی گئی ہے۔