تاریخ اشاعت: June 4, 2026 - 11:05 AM
Sindh Cabinet Approves Rs 11.198 bn for Karachi Road and Bridge Connectivity Projects
سندھ کابینہ نے کراچی میں سڑکوں اور پلوں کے رابطہ منصوبوں کیلئے 11 ارب 19 کروڑ روپے سے زائد کی منظوری دیدی
▫️کراچی میگا پراجیکٹ کے تحت کورنگی لنک روڈ، حاجی کیمپ روڈ، کلفٹن روٹس، سکیم 33 کی سڑکوں اور بلدیہ سٹیڈیم روڈ کی اپ گریڈیشن کی جائے گی
سندھ کابینہ نے کراچی میں شہری انفراسٹرکچر کی بہتری اور ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کیلئے سڑکوں اور پلوں کے اہم رابطہ منصوبوں کی مد میں 11 ارب 19 کروڑ 80 لاکھ روپے کی منظوری دے دی ہے۔
منصوبوں کی منظوری وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں دی گئی۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری سرکاری بیان کے مطابق منظور شدہ سکیمیں کراچی میگا پراجیکٹ کے تحت مکمل کی جائیں گی، جبکہ ان کیلئے مالی وسائل مالی سال 26-2025 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل “نئی ترقیاتی اقدامات” کی مد سے فراہم کیے جائیں گے۔
منظور شدہ منصوبوں میں شہر کے مختلف علاقوں کی اہم سڑکوں اور ٹرانسپورٹ راہداریوں کی بحالی، بہتری اور اپ گریڈیشن شامل ہے۔
ان منصوبوں کے تحت حاجی ابراہیم عیسیٰ روڈ، حاجی کیمپ روڈ، کورنگی لنک روڈ اور کلفٹن میں میرین ڈرائیو سے منسلک سڑکوں پر ترقیاتی کام کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ سکیم 33 میں مہران روڈ اور پجیرو روڈ، کورنگی کریک ایئر بیس روڈ، گلزار ہجری میں جناح ایونیو کی توسیع اور شاہراہ اورنگی کو حب ریور روڈ سے ملانے والی بلدیہ سٹیڈیم روڈ کی بہتری بھی منظور شدہ منصوبوں میں شامل ہے۔
حکام کے مطابق ان سڑکوں کی بحالی اور اپ گریڈیشن کا مقصد کراچی کے اندرونی رابطہ نظام کو مضبوط بنانا، سفر کے دورانیے میں کمی لانا اور رہائشی، تجارتی اور صنعتی علاقوں کے درمیان آمدورفت کو بہتر بنانا ہے۔ منتخب کردہ راستے روزانہ سفر کرنے والے شہریوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور تجارتی سرگرمیوں کیلئے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔
سڑکوں کی بہتری کے علاوہ سندھ کابینہ نے شہر میں دو بڑے پل تعمیر کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ ایک پل نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی پر تعمیر کیا جائے گا، جبکہ دوسرا پل سرجانی ٹاؤن میں 4-K چورنگی پر بنایا جائے گا۔ حکام کے مطابق دونوں مقامات پر ٹریفک کا دباؤ معمول کی بات ہے، جس کے باعث شہریوں کو روزانہ شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
منصوبوں پر عملدرآمد کے آغاز کیلئے کابینہ نے 56 کروڑ روپے کی ابتدائی رقم جاری کرنے کی منظوری بھی دی ہے، جو منظور شدہ کراچی انفراسٹرکچر سکیموں کی مجموعی لاگت کا تقریباً پانچ فیصد بنتی ہے۔ یہ رقم موجودہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی مختص رقم سے جاری کی جائے گی تاکہ متعلقہ محکمے ابتدائی اور عملی کام شروع کر سکیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام منظور شدہ منصوبوں پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی کام کے دوران معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جانا ضروری ہے تاکہ شہری بہتر سڑکوں، آسان آمدورفت اور مربوط شہری سہولتوں سے جلد مستفید ہو سکیں۔
اجلاس میں سندھ بھر میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے منصوبوں کیلئے بھی 8 ارب 82 کروڑ 40 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔ حکام کے مطابق یہ فنڈز صوبے کے شہری اور دیہی علاقوں میں پانی اور صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے مختلف ترقیاتی سکیموں پر خرچ کیے جائیں گے۔
کابینہ نے سندھ کے 12.5 فیصد قدرتی گیس رائلٹی حصے کو مکمل طور پر نقد رقم کے بجائے فیلڈ ٹو فیلڈ بنیادوں پر گیس کی صورت میں وصول کرنے کے نئے فریم ورک کی بھی منظوری دی۔ حکام نے اجلاس کو بتایا کہ اس اقدام سے صوبائی حکومت کو سالانہ 26 ارب روپے تک اضافی آمدن حاصل ہونے کا امکان ہے۔