تاریخ اشاعت: March 17, 2026 - 12:57 PM
70% Work on Imdad Chowk to Akram Hospital Road Expected Before Eid
امداد چوک تا اکرم ہسپتال سڑک منصوبہ عید سے قبل 70 فیصد مکمل ہونے کا امکان
▫️ بلوچستان ہائیکورٹ میں پیش رفت رپورٹ جمع، عدالت کی ٹریفک انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت
کوئٹہ: ری نیوز پاکستان بلوچستان ہائیکورٹ نے کوئٹہ شہر میں جاری سڑکوں کی تعمیر اور ٹریفک مسائل سے متعلق آئینی درخواست کی سماعت کے دوران امداد چوک تا اکرم ہسپتال سڑک منصوبے کی پیش رفت رپورٹ طلب کی، جس میں بتایا گیا کہ منصوبے پر تیزی سے ...
بلوچستان ہائیکورٹ نے کوئٹہ شہر میں جاری سڑکوں کی تعمیر اور ٹریفک مسائل سے متعلق آئینی درخواست کی سماعت کے دوران امداد چوک تا اکرم ہسپتال سڑک منصوبے کی پیش رفت رپورٹ طلب کی، جس میں بتایا گیا کہ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور عیدالفطر سے قبل تقریباً 70 فیصد کام مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
یہ سماعت چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ سماعت کے دوران چیف منسٹر پیکج برائے کوئٹہ ڈویلپمنٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر رفیق بلوچ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ اکرم ہسپتال سے امداد چوک تک سڑک کی تعمیر کے منصوبے کے تحت موجودہ سڑک کو مکمل طور پر ختم کر کے اس کی جگہ ایگریگیٹ بیس اور اسفالٹ بیس کورس بچھایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ منصوبے میں فلائی اوور کے نیچے یوٹرنز، کراس ڈرینیج سسٹم اور سروس روڈز کی تعمیر بھی شامل ہے۔
منصوبے کے ذیلی کاموں میں کرب اسٹون کی تنصیب، فٹ پاتھ کی تعمیر، لین مارکنگ، ٹریفک سائن بورڈز اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب شامل ہے، جنہیں 30 اپریل 2026 تک مکمل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
سماعت کے دوران عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ زرغون روڈ کی توسیع اور بائیں جانب مجوزہ سروس روڈ کی تعمیر کے بعد شہر کے جنوب مشرقی اور مغربی علاقوں سے آنے والی ٹریفک کو مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے، کیونکہ ہر کیریج وے پر صرف تین لینز دستیاب ہوں گی جبکہ مصروف اوقات میں روزانہ 50 ہزار سے 70 ہزار گاڑیاں اس سڑک سے گزرتی ہیں۔
اس صورتحال کے پیش نظر پروجیکٹ ڈائریکٹر نے تجویز دی کہ سڑک کے مشرقی حصے کو سروس روڈ بنانے کے بجائے مرکزی کیریج وے کے طور پر استعمال کیا جائے اور ٹریفک کے بہتر بہاؤ کیلئے ریگولیٹری سائن بورڈز، لین ڈیوائیڈرز اور کیٹ آئیز نصب کیے جائیں۔
عدالت نے عبوری احکامات جاری کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ، ڈی آئی جی کوئٹہ رینج اور ایس ایس پی ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تعمیر کے دوران اور اس کی تکمیل کے بعد زرغون روڈ اور دیگر زیر تعمیر شاہراہوں پر کسی بھی سرکاری یا نجی ادارے کو پارکنگ کی اجازت نہ دی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔