تاریخ اشاعت: June 4, 2026 - 10:13 AM
Badar Colony to Improve Drainage Infrastructure
بدر کالونی میں ڈی سلٹنگ آپریشن کا جائزہ، نکاسی آب کی بہتری کیلئے اقدامات تیز
▫️ نالوں اور ڈرینوں کی بروقت صفائی، ملبہ فوری منتقل کرنے کی ہدایت
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کی ہدایات کے تحت اسسٹنٹ کمشنر پتوکی نے بدر کالونی کا دورہ کر کے جاری ڈی سلٹنگ آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران نالوں، ڈرینوں اور نکاسی آب کے مختلف مقامات پر صفائی کے کام کا معائنہ کیا گیا تاکہ مون سون سیزن سے قبل بارش کے پانی کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے اور شہری علاقوں کو ممکنہ اربن فلڈنگ سے محفوظ رکھا جا سکے۔
اس موقع پر متعلقہ عملے کو ہدایت کی گئی کہ نالوں اور ڈرینوں کی صفائی کا عمل بروقت، مؤثر اور مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ نکاسی آب کے نظام میں حائل رکاوٹوں کو ختم کیا جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ صفائی کے دوران نکالا گیا ملبہ اور کچرا فوری طور پر مقررہ مقامات پر منتقل کیا جائے تاکہ سڑکوں، گلیوں اور عوامی راستوں پر آمدورفت متاثر نہ ہو اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈی سلٹنگ آپریشن کا مقصد نکاسی آب کے نظام کو فعال بنانا، بارشوں کے دوران پانی جمع ہونے کے مسائل کو کم کرنا اور شہری انفراسٹرکچر کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مون سون سے قبل نالوں اور ڈرینوں کی صفائی، شہری سہولیات کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ پتوکی کے مختلف علاقوں میں بہتر شہری ماحول اور مؤثر بلدیاتی خدمات فراہم کی جا سکیں۔