تاریخ اشاعت: March 4, 2026 - 10:53 AM
Balochistan Govt Decides to Fully Restore Pasni Fish Harbour
بلوچستان حکومت کا پسنی فش ہاربر کی مکمل بحالی کا فیصلہ
▫️ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی مئی 2026 تک جامع فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت ▫️ غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف سخت کارروائی، ماہی گیروں کے حقوق کے تحفظ کا اعادہ
کوئٹہ: ری نیوز پاکستان حکومتِ بلوچستان نے ساحلی معیشت کو فعال بنانے اور فشریز سیکٹر کی بحالی کے لیے پسنی فش ہاربر کو مکمل طور پر بحال اور فعال کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئ...
حکومتِ بلوچستان نے ساحلی معیشت کو فعال بنانے اور فشریز سیکٹر کی بحالی کے لیے پسنی فش ہاربر کو مکمل طور پر بحال اور فعال کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری فشریز طارق قمر اور دیگر متعلقہ حکام نے پسنی فش ہاربر کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ متعلقہ حکام کے مطابق ہاربر کو شدید سلٹیشن (ریت و مٹی کے جمع ہونے)، خستہ حال انفراسٹرکچر اور غیر قانونی ٹرالنگ جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے، جس کے باعث اس کی آپریشنل استعداد متاثر ہوئی اور مقامی ماہی گیروں کے روزگار پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مئی 2026 تک ایک جامع، قابلِ عمل اور تکنیکی بنیادوں پر مبنی فزیبلٹی رپورٹ تیار کر کے پیش کی جائے تاکہ بحالی کے منصوبے پر عملی کام بلا تاخیر شروع کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ محض بندرگاہ کی مرمت تک محدود نہیں بلکہ ساحلی معیشت کی ازسرِ نو تشکیل اور سمندری وسائل کے مؤثر استعمال کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ قانون شکنی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماہی گیروں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا اور ان کے روزگار کو درپیش خطرات کا تدارک ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پسنی فش ہاربر کی بحالی سے نہ صرف فشریز برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ ہزاروں ماہی گیروں اور اس سے وابستہ مزدوروں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے ساحلی آبادی کی سماجی و معاشی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے اسے بلوچستان کے فشریز سیکٹر کی جدید خطوط پر استواری کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
اجلاس میں ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ترقی و منصوبہ بندی) زاہد سلیم، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (داخلہ) محمد حمزہ شفقات سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
یہ پیش رفت اس پس منظر میں خاص اہمیت کی حامل ہے کہ مولانا ہدایت الرحمٰن نے حال ہی میں صوبائی اسمبلی میں ہاربر کی ابتر صورتحال اور غیر قانونی ماہی گیری کے مسئلے کو اجاگر کیا تھا، جس کے بعد حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ ایک عملی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔