تاریخ اشاعت: November 12, 2026 - 2:01 PM
CDA Chairman Orders Early Completion of Park Enclave Development, Swift Resolution of Residents' Issues
پارک انکلیو میں ترقیاتی کام جلد مکمل اور رہائشیوں کے مسائل فوری حل کیے جائیں: چیئرمین سی ڈی اے
▫️ رہائشی پلاٹوں کا قبضہ کیو آر کوڈ کے ذریعے دینے، تجارتی علاقوں کو جدید خطوط پر ترقی دینے اور انتظامی امور میں بہتری کے لیے رہائشیوں پر مشتمل کمیٹی بنانے کی ہدایت
چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے پارک انکلیو ہاؤسنگ سکیم میں ترقیاتی کام تیز کرنے اور رہائشیوں کو درپیش بنیادی سہولیات کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
یہ ہدایات 11 نومبر 2026 کو پارک انکلیو میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران جاری کی گئیں، جس میں ممبر اسٹیٹ محمد زمان وٹو، ممبر بلڈنگ عصمت شریف ڈھلوں، ممبر انوائرمنٹ عبداللہ خرم نیازی، سی ڈی اے کے سینئر افسران اور رہائشیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہریوں نے باؤنڈری وال کی خستہ حالی، صفائی و نکاسی آب کے ناقص انتظامات، سکیورٹی، بجلی کی فراہمی، عوامی پارکوں اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل پیش کیے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے جدید سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نظام کے تحت صفائی کے انتظامات بہتر بنانے، فیز ون کی باؤنڈری وال کی مرمت، مرکزی مسجد کی تعمیر مکمل کرنے اور پارکنگ کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بلٹ اَپ پراپرٹی (BUP) سے متعلق مسائل بھی جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے سہیل اشرف نے پارک انکلیو فیز تھری میں باقی ماندہ تعمیراتی کام بلا تاخیر مکمل کرنے اور فیز ٹو اور تھری میں بجلی کی فراہمی سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے سیوریج اور پانی کی فراہمی کے نظام کی بہتری، عوامی پارکوں کی بحالی اور مرکزی شاہراہ سمیت سروس روڈز پر جدید اور مستقل اسٹریٹ لائٹس نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ حکام کو پارک انکلیو کے تجارتی علاقوں کو جدید شہری منصوبہ بندی اور بنیادی ڈھانچے کے معیارات کے مطابق ترقی دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہاؤسنگ اسکیم میں رہائشی اور کاروباری سہولیات کو بہتر بنایا جائے۔
جائیداد سے متعلق انتظامی امور میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے چیئرمین سی ڈی اے نے رہائشی پلاٹوں کا قبضہ کیو آر کوڈ پر مبنی نظام کے ذریعے دینے کی ہدایت کی تاکہ الاٹیوں کے لیے قبضے کا عمل زیادہ شفاف، آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے پارک انکلیو کے انتظامی نظام کو بہتر بنانے کے لیے رہائشیوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا بھی حکم دیا، جو شہری مسائل کی نشاندہی اور ان کے عملی حل کے لیے تجاویز پیش کرے گی۔ سہیل اشرف نے واضح کیا کہ پارک انکلیو کے تمام فیزز میں زیر التوا مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور متعلقہ شعبے باہمی رابطے سے ترقیاتی کاموں کی تکمیل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔