تاریخ اشاعت: February 27, 2026 - 12:41 PM
CDA Reviews Major Development Projects, Accelerates Model Graveyard and Key Road Infrastructure Plans
سی ڈی اے کا بڑے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ، ماڈل قبرستان اور اہم شاہراہوں کے منصوبوں میں تیزی کی ہدایت
▫️اجلاس میں مختلف ترقیاتی اور عوامی فلاحی منصوبوں کی منصوبہ بندی اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ▫️چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی پنڈوڑیاں ماڈل قبرستان کا ڈیزائن جلد از جلد حتمی بنانے اور مختلف بڑی شاہراہوں سے قبرستان تک رسائی فراہم کرنے کی ہدایت۔
اسلام آباد: حسنین اولکھ، نمائندہ خصوصی | ری نیوز پاکستان وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین سی ڈی اے اور چیف ک...
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کی۔ اجلاس میں ممبر ایڈمنسٹریشن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر فنانس طاہر نعیم، ڈی جی ڈیزائن، ڈی جی پروکیورمنٹ اینڈ کنٹریکٹ، ڈی جی انفراسٹرکچر، متعلقہ افسران اور پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں مختلف ترقیاتی اور عوامی فلاحی منصوبوں کی منصوبہ بندی اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اسلام آباد کے علاقے پنڈوڑیاں میں ماڈل قبرستان کی تعمیر کے منصوبے پر خصوصی غور کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ پنڈوڑیاں ماڈل قبرستان کا ڈیزائن جلد از جلد حتمی شکل دیا جائے اور شہریوں کی سہولت کے لیے مختلف بڑی شاہراہوں سے قبرستان تک مناسب رسائی فراہم کی جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ ماڈل قبرستان میں جنازوں کے لیے کشادہ نمازِ جنازہ ہال، وضو خانے اور مناسب پارکنگ کی سہولت یقینی بنائی جائے۔ مزید برآں برقی جنازہ گاڑی، ایمبولینس اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ سیکیورٹی اور نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں۔ اجلاس میں مارگلہ ایونیو کو موٹروے ایم ون سے منسلک کرنے کے منصوبے کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے ٹینڈرز کھولنے کے بعد تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔
کشمیر چوک پر ٹریفک مسائل کے حل کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا اور آگاہ کیا گیا کہ اس منصوبے کے لیے جلد کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گیا۔ ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ کی تعمیر کے منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کنسلٹنٹ کے حصول کے لیے ٹینڈرنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ایکسپریس چوک سے آغا خان ایونیو تک ٹریفک مسائل کے حل اور الیونتھ ایونیو کی تعمیر کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ الیونتھ ایونیو منصوبے کے لیے کنسلٹنٹ کے حصول کا اشتہار جاری کیے جانے سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ آئندہ تمام منصوبوں کے لیے بروقت ماحولیاتی اثرات کا جائزہ یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں اسلام آباد کنونشن سینٹر، ایگزیبیشن اور ایکسپو سینٹر منصوبے کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔