تاریخ اشاعت: July 9, 2026 - 2:50 PM
LDA City Development Picks Up Pace as 65% Work on Structure Plan Road Completed
ایل ڈی اے سٹی کی ترقیاتی رفتار تیز، سٹرکچر پلان روڈ کا 65 فیصد کام مکمل ہوگیا
▫️ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا دورہ، انڈر پاس، انفراسٹرکچر اور لینڈ ایکوزیشن منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ، رواں مالی سال میں ترقیاتی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے ایل ڈی اے سٹی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت تیز کرتے ہوئے سٹرکچر پلان روڈ کا مجموعی طور پر 65 فیصد کام مکمل کر لیا ہے، جبکہ رواں مالی سال کے دوران ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کر کے شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
یہ بات ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ایل ڈی اے سٹی کے دورے کے موقع پر کہی، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں، انفراسٹرکچر کی تعمیر اور لینڈ ایکوزیشن کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید، ڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی اور دیگر متعلقہ افسران نے منصوبے پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سٹرکچر پلان روڈ پر زیر تعمیر انڈر پاس کے تینوں بیرلز پر بیک وقت کام جاری ہے۔ دو بیرلز پر گرڈر نصب کیے جا رہے ہیں، جبکہ تیسرے بیرل کی چھت کی تعمیر کا مرحلہ جاری ہے۔ انڈر پاس کے ایک جانب ریمپ پر اسفالٹ کی پہلی تہہ مکمل کی جا چکی ہے، جبکہ دوسری جانب تعمیراتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انڈر پاس اور سٹرکچر پلان روڈ کی تعمیر مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ ایل ڈی اے سٹی کے مختلف بلاکس میں گھر تعمیر کرنے والے شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ تعمیراتی سرگرمیوں میں مزید تیزی آ سکے۔
حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ ایل ڈی اے سٹی میں انفراسٹرکچر کی ترقی پر تیزی سے کام جاری ہے اور جلد ہی مزید بلاکس کا قبضہ بھی الاٹیز کو دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کمرشل پلاٹس کو بھی جلد مارکیٹ میں متعارف کرانے کی تیاریاں جاری ہیں، جس سے منصوبے میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے جاری لینڈ ایکوزیشن کے عمل پر بھی تفصیلی بریفنگ لی اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زمینوں کے حصول کے تمام معاملات شفاف اور بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ سٹرکچر پلان روڈ کی تکمیل کے بعد جوہر ٹاؤن سے ایل ڈی اے سٹی تک رسائی کا دورانیہ نمایاں طور پر کم ہو جائے گا اور شہری چند منٹ میں اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ ایل ڈی اے سٹی کی رہائشی اور تجارتی اہمیت میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔
دورے کے موقع پر ایڈیشنل ڈی جی اربن پلاننگ، چیف ٹاؤن پلانر ٹو، ڈائریکٹر انجینئرنگ، ڈائریکٹر آکشن، ڈائریکٹر میٹروپولیٹن پلاننگ، ڈائریکٹر لینڈ ایکوزیشن اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔