تاریخ اشاعت: June 3, 2026 - 5:21 PM
LDA Launches Major Operation Against Illegal Commercial Activities, Seals 211 Properties
ایل ڈی اے کا غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بڑا آپریشن، 211 املاک سیل
▫️کارروائیاں گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن، گلشن راوی، چائنہ سکیم، این ایم ٹی سکیم، مصطفیٰ ٹاؤن اور اعظم گارڈن میں کی گئیں
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں، کمرشل فیسوں کی عدم ادائیگی اور رہائشی عمارتوں کے غیر مجاز کمرشل استعمال کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں 211 املاک سربمہر کر دیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ایل ڈی اے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن، گلشن راوی، چائنہ سکیم، این ایم ٹی سکیم، مصطفیٰ ٹاؤن اور اعظم گارڈن سمیت متعدد علاقوں میں آپریشن کیا۔ کارروائیوں کے دوران غیر قانونی طور پر کمرشل استعمال میں لائی جانے والی عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندہ املاک کو سیل کیا گیا۔
ایل ڈی اے حکام کے مطابق گلشن راوی، چائنہ سکیم اور این ایم ٹی سکیم میں غیر قانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیسوں کی عدم ادائیگی پر 49 املاک سربمہر کی گئیں۔ اسی طرح گلبرگ اور ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن میں کارروائی کرتے ہوئے 28 املاک کو سیل کیا گیا۔
ریکوری آپریشن کے دوران مصطفیٰ ٹاؤن اور اعظم گارڈن میں 24 املاک سربمہر کی گئیں، جبکہ واپڈا ٹاؤن میں ایل ڈی اے ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے 75 غیر قانونی کمرشل دکانوں اور 35 دیگر کمرشل املاک کو سیل کر دیا۔
سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس، بیوٹی سیلون، کلینکس، گراسری سٹورز، بیکری، فارمیسی، آٹو ورکشاپس، دکانیں، دفاتر اور دیگر کاروباری مراکز شامل ہیں۔ حکام کے مطابق ان املاک کے مالکان کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی، غیر قانونی کمرشل استعمال یا واجبات کی عدم ادائیگی پر متعدد مرتبہ نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔
آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی زیر نگرانی کیا گیا۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے متعلقہ شعبوں کے افسران اور عملے کے ہمراہ مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں اور قانون کے مطابق املاک کو سربمہر کیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ہدایت کی ہے کہ ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریاز میں غیر قانونی کمرشل عمارتوں، غیر مجاز کمرشل سرگرمیوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ شہر میں تعمیراتی و کمرشل قوانین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔