تاریخ اشاعت: May 16, 2026 - 5:54 PM
Muzaffarabad: Farewell Ceremony Held in Honour of Judicial Member Board of Revenue Chaudhry Mukhtar Hussain; Services Paid Rich Tribute
مظفر آباد: جوڈیشل ممبر بورڈ آف ریونیو چوہدری مختار حسین کے اعزاز میں الوداعی تقریب، خدمات کو شاندار خراج تحسین
▫️تقریب ریونیو کمپلیکس مظفرآباد میں ہوئی، مقررین نے چوہدری مختار حسین کی 33 سالہ دیانتدارانہ خدمات کو محکمہ مال اور افسران کیلئء قابل تقلید قرار دیدیا
جوڈیشل ممبر بورڈ آف ریونیو چوہدری مختار حسین کی مدت ملازمت مکمل ہونے اور ریٹائرمنٹ کے موقع پر ریونیو کمپلیکس مظفرآباد میں ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار محمد ظفر خان کی زیر صدارت منعقد ہوئی، جس میں اعلیٰ سرکاری افسران، بورڈ آف ریونیو کے حکام اور عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ظہیرالدین قریشی، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس محمد یاسین قریشی، سیکرٹری سروسز چوہدری امتیاز احمد و دیگر افسران نے شرکت کی ۔
اس موقع پر مقررین نے چوہدری مختار حسین کی محکمہ مال، بورڈ آف ریونیو اور دیگر محکموں کے لیے خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ چوہدری مختار حسین نے اپنی ملازمت کے دوران دیانتداری، سنجیدگی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیے اور سرکاری خدمت کے شعبے میں ایک مثبت مثال قائم کی۔
سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار محمد ظفر خان نے اپنے خطاب میں چوہدری مختار حسین کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری مختار حسین نے محکمہ مال اور بورڈ آف ریونیو میں نہ صرف ذمہ دارانہ کردار ادا کیا بلکہ اصلاحی اقدامات کے ذریعے ادارہ جاتی بہتری کے لیے بھی نمایاں خدمات سر انجام دیں۔ انہوں نے ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اپنے الوداعی خطاب میں چوہدری مختار حسین نے کہا کہ وہ 33 برس سے زائد کامیاب سرکاری ملازمت کے بعد اطمینان قلب کے ساتھ ریٹائر ہو رہے ہیں، جس پر وہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔