تاریخ اشاعت: November 12, 2026 - 1:01 AM
Sindh Govt Approves Rs 1.61 Billion Multi-Storey Parking Plaza in Karachi’s Clifton
کراچی کے علاقے کلفٹن میں ایک ارب 61 کروڑ روپے کی لاگت سے پارکنگ پلازہ تعمیر کرنے کی اصولی منظوری
▫️ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 35 سالہ معاہدہ تجویز، کلفٹن میں مزید 41 پارکنگ مقامات کو ترقی دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا
سندھ حکومت نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں پارکنگ کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کی ملکیتی اراضی پر ایک ارب 61 کروڑ روپے کی تخمینی لاگت سے کثیر المنزلہ پارکنگ پلازہ تعمیر کرنے کے منصوبے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
سندھ حکومت نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں پارکنگ کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کی ملکیتی اراضی پر ایک ارب 61 کروڑ روپے کی تخمینی لاگت سے کثیر المنزلہ پارکنگ پلازہ تعمیر کرنے کے منصوبے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
منصوبے کی منظوری وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی بورڈ کے اجلاس میں دی گئی، جس میں کراچی سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور نجی شعبے کی شراکت سے منصوبوں پر عمل درآمد سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا منصوبے کے مطابق کلفٹن بلاک 2 میں ضیاء الدین اسپتال کے قریب کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ملکیتی ایک ہزار 352 مربع گز اراضی پر جدید پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائے گا۔ مجوزہ عمارت میں بیک وقت 96 کاروں اور 160 موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کی گنجائش ہوگی، جبکہ محدود تجارتی سہولیات بھی منصوبے کا حصہ ہوں گی۔
پارکنگ پلازے کی تعمیر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ڈیزائن، تعمیر، آپریشن اور منتقلی کے ماڈل پر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے 35 سالہ کنسیشن معاہدہ تجویز کیا گیا ہے، جس کے تحت نجی شعبے کی شراکت سے منصوبے کی تعمیر اور آپریشن کا انتظام کیا جائے گا۔ اجلاس میں کلفٹن کے مختلف علاقوں میں موجود پارکنگ مقامات کو بہتر بنانے اور نئی سہولیات کی فراہمی کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ پالیسی بورڈ نے کلفٹن کے بلاکس ایک سے سات اور بلاک نو میں کے ڈی اے کی ملکیتی مزید 41 پارکنگ مقامات کو ٹرانزیکشن ایڈوائزرز کے جائزے میں شامل کرنے کی منظوری دی۔ ان مقامات کا تکنیکی اور مالی جائزہ لیا جائے گا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا انہیں بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جدید پارکنگ سہولیات میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
کلفٹن کراچی کے اہم رہائشی اور تجارتی علاقوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں اسپتالوں، تجارتی مراکز، دفاتر اور دیگر سرگرمیوں کے باعث پارکنگ کی ضرورت برقرار رہتی ہے۔ مجوزہ پارکنگ پلازے سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے لیے منظم پارکنگ کی اضافی گنجائش فراہم ہونے کی توقع ہے۔ منصوبے میں محدود تجارتی سہولیات کی شمولیت سے پارکنگ کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کے لیے بھی جگہ دستیاب ہو سکے گی۔ تاہم تجارتی حصے کے رقبے، استعمال اور آمدن کے انتظامات کی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
پارکنگ پلازے کے علاوہ مزید 41 مقامات کے جائزے سے کلفٹن میں مستقبل کے پارکنگ منصوبوں کی منصوبہ بندی میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ البتہ ان مقامات پر تعمیراتی منصوبوں کی منظوری ابھی نہیں دی گئی، بلکہ ابتدائی جائزے کو آگے بڑھانے کی اجازت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی بورڈ کی جانب سے مجوزہ پارکنگ پلازے کی اصولی منظوری کا مطلب تعمیراتی کام کا فوری آغاز نہیں ہے۔ منصوبے کے لیے نجی سرمایہ کار کے انتخاب، تعمیر شروع ہونے کی تاریخ، تعمیراتی مدت اور تکمیل کے شیڈول سے متعلق حتمی تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔ منصوبے کی عملی پیش رفت کا انحصار آئندہ انتظامی اور معاہداتی مراحل کی تکمیل پر ہوگا۔