تاریخ اشاعت: May 19, 2026 - 5:50 PM
Vehari Meeting Reviews Mandatory Building Fitness Certificates for Public and Private Schools
وہاڑی: سرکاری و نجی سکولوں کیلئے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینے کے حوالے سے اجلاس
▫️ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کی سکول عمارات کا سروے جلد مکمل کرنے اور غیر محفوظ عمارتیں سیل کرنے کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت سرکاری و نجی سکولوں کے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹس کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے حفاظتی معیار اور حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے تمام سرکاری اور نجی سکولوں کو بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹس کے حصول کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سکول عمارتوں کا سروے جلد از جلد مکمل کیا جائے اور بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ سکول چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری و نجی تعلیمی ادارے حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ غیر محفوظ اور خستہ حال عمارتوں میں بچوں کو ہرگز تعلیم نہ دی جائے، جبکہ ایسی عمارتوں کو فوری طور پر سیل کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
خالد جاوید گورائیہ نے واضح کیا کہ طلبہ اور اساتذہ کی جانوں کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کے اعتماد اور بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے تمام ضروری اقدامات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں گے تاکہ تعلیمی اداروں میں محفوظ ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مرتضیٰ، سی ای او ایجوکیشن ناصر عزیز، ڈی ای او ایلیمنٹری فیمیل عندلیب اصغر، ڈی ای او ایلیمنٹری مہر محمد جاوید، ضلعی صدر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن میاں جہانزیب سمیت دیگر سکول مالکان نے شرکت کی۔