تاریخ اشاعت: July 31, 2026 - 2:55 PM
Afghanistan Exports Natural Black Dimension Stone to the United States for the First Time, Marking a Major Step for Its Mining Sector
افغانستان نے پہلی بار قدرتی بلیک ڈائمنشن سٹون امریکا برآمد کر دیا، معدنی شعبے کے لیے اہم پیش رفت
ہرات کے ضلع زندہ جان کی کان سے نکالے گئے پتھر کی مالیت ایک لاکھ امریکی ڈالر، مقامی سطح پر پتھروں کی پروسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن بڑھایا جائے تو معدنی برآمدات اور روزگار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے
افغانستان نے پہلی مرتبہ قدرتی بلیک ڈائمنشن سٹون (Black Dimension Stone) کی کھیپ امریکا برآمد کر دی ہے، جسے ملک کے معدنیات اور برآمدی شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق اس پہلی برآمدی کھیپ کی مالیت ایک لاکھ امریکی ڈالر ہے، جبکہ اسے ہرات صوبے کے ضلع زندہ جان میں واقع ایک کان سے نکالے گئے قدرتی پتھروں پر مشتمل بتایا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ برآمد ایک نجی افغان کمپنی نے انجام دی، تاہم تجارتی وجوہات کی بنا پر نہ تو کمپنی کا نام ظاہر کیا گیا ہے اور نہ ہی امریکی خریدار کی شناخت سامنے لائی گئی۔ اس پیش رفت کو افغانستان کی معدنی مصنوعات کے لیے نئی عالمی منڈیوں تک رسائی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
افغانستان معدنی وسائل سے مالا مال ممالک میں شمار ہوتا ہے، جہاں سنگ مرمر، گرینائٹ، ٹریورٹائن اور دیگر تعمیراتی و آرائشی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ ہرات خصوصاً آرائشی پتھروں کی کان کنی اور پروسیسنگ کا اہم مرکز بن چکا ہے، جہاں درجنوں جدید فیکٹریاں مقامی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ بیرونی منڈیوں کے لیے بھی مصنوعات تیار کر رہی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر افغانستان خام پتھر برآمد کرنے کے بجائے انہیں مقامی سطح پر کاٹنے، پالش کرنے اور تیار شدہ مصنوعات کی شکل میں عالمی منڈیوں تک پہنچانے پر توجہ دے تو ان کی قدر کئی گنا بڑھ سکتی ہے۔ اس سے نہ صرف برآمدی آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ ہزاروں نئی ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی اور معدنی شعبہ ملکی معیشت کا مضبوط ستون بن سکتا ہے۔