تاریخ اشاعت: June 6, 2026 - 4:59 PM
Albania: Controversy Arises on Luxury Resort Project Linked to President Trump’s Son in Law Kushner
البانیہ : صدر ٹرمپ کے داماد کمشنر سے منسلک متنازعہ لگژری ریزورٹ پر تنازعہ
▫️ماہرین ماحولیات، سول سوسائٹی نے حساس ساحلی علاقے میں مجوزہ منصوبے کو حیاتیاتی تنوع کیلئے خطرہ قرار دے دیا
البانیہ کے دارالحکومت تیرانا میں ہزاروں افراد نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر سے منسلک مجوزہ لگژری ریزورٹ منصوبے کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے منصوبے کو ملک کے حساس ساحلی اور ماحولیاتی نظام کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے اس پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق 1.4 ارب یورو (تقریباً 1.6 ارب ڈالر) مالیت کا یہ ریزورٹ منصوبہ کشنر کی سرمایہ کاری فرم افینیٹی پارٹنرز سے منسلک ہے، جسے البانیہ کے ایک جزیرے اور ویوسا نارٹا پروٹیکٹڈ لینڈ سکیپ کے قریب غیر ترقی یافتہ ساحلی علاقے میں تعمیر کرنے کی تجویز ہے۔
یہ ساحلی علاقہ ماحولیاتی اعتبار سے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے، جہاں فلیمنگو پرندوں، سیلز، سمندری کچھوؤں اور دیگر آبی حیات کے افزائشی مقامات موجود ہیں۔ ماحولیاتی ماہرین اور مقامی کارکنوں کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پر تعمیراتی سرگرمیوں سے سینکڑوں ہیکٹر پر مشتمل قدرتی ساحل متاثر ہو سکتے ہیں، جبکہ علاقے کی حیاتیاتی تنوع کو بھی سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
مظاہرین وزیر اعظم ایدی راما کے دفتر کے باہر جمع ہوئے۔ احتجاج میں شریک افراد نے فلیمنگو کی شکل والے غبارے اٹھا رکھے تھے، جبکہ پلے کارڈز پر “قوم برائے فروخت نہیں” اور “ہم البانیہ کو دبئی جیسا نہیں بنانا چاہتے” جیسے نعرے درج تھے۔
دوسری جانب منصوبے کے ڈویلپرز کا مؤقف ہے کہ ریزورٹ کی تعمیر ذمہ دارانہ انداز میں کی جائے گی اور ماحول کے تحفظ کو ترجیح دی جائے گی۔ منصوبے پر کام کرنے والی کمپنی سازان رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ ایل ایل سی کے چیئرمین ایشر ابیسرہ کے مطابق کمپنی کی توجہ ماحول کے تحفظ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مقامی آبادی کے لیے طویل المدتی معاشی فوائد فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔
ماحولیات پر کام کرنے والی تنظیموں کا کہنا ہے کہ حکومت کو سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ حساس قدرتی مقامات کے تحفظ کو بھی یقینی بنانا ہوگا، کیونکہ ایسے علاقے نہ صرف البانیہ کے قدرتی ورثے کا حصہ ہیں بلکہ خطے کے ماحولیاتی توازن کے لیے بھی اہم حیثیت رکھتے ہیں۔