تاریخ اشاعت: June 29, 2026 - 11:19 AM
Asia's largest Noida International Airport Begins Commercial Operations
ایشیا کے سب سے بڑے نوئیڈا انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کمرشل پروازوں کا آغاز
▫️نیا ایئرپورٹ پہلے مرحلے میں 5 بڑے شہروں سے منسلک، جولائی تک مزید 10 مقامات کیلئے پروازیں شروع ہونے کا امکان
بھارت کے شہر نوئیڈا کے قریب جیور، اتر پردیش میں نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے کمرشل فلائٹ آپریشنز کا باقاعدہ آغاز کر دیا، جسے بھارت کے ایوی ایشن سیکٹر کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
نیا ایئرپورٹ دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کے دباؤ کو کم کرنے کے ساتھ نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا اور مغربی اتر پردیش کے شہریوں کو ایک نیا اور نسبتاً آسان فضائی سفری مرکز فراہم کرے گا۔
ابتدائی مرحلے میں انڈی گو اور اکاسا ایئر نے نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پروازیں شروع کی ہیں، جن کے ذریعے بنگلور، حیدرآباد، جموں، امرتسر اور نوی ممبئی جیسے بڑے بھارتی شہروں سے رابطہ قائم کیا گیا ہے۔
اکاسا ایئر بنگلور اور نوئیڈا کے درمیان روزانہ نان سٹاپ پروازیں چلا رہی ہے، جبکہ نوی ممبئی کے لیے بھی براہ راست فضائی سروس دستیاب ہے۔ انڈی گو نے حیدرآباد، امرتسر، جموں اور بنگلورو کے لیے روزانہ پروازیں شروع کی ہیں۔
جولائی 2026 سے انڈی گو نوئیڈا سے چندی گڑھ، جے پور، جودھ پور، بریلی، بھوپال، دہرادون، دھرم شالا اور کشن گڑھ سمیت مزید مقامات کے لیے پروازیں شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس توسیع کے بعد نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ شمالی بھارت کا ایک ابھرتا ہوا ڈومیسٹک ایوی ایشن ہب بن سکتا ہے۔
ایئرپورٹ کو ملٹی موڈل ٹرانسپورٹ ہب کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے، جہاں فضائی سفر کو بڑی شاہراہوں اور مستقبل کے ٹرانسپورٹ لنکس سے جوڑا جائے گا۔ منصوبے کا مقصد مغربی اتر پردیش اور نیشنل کیپیٹل ریجن میں معاشی سرگرمیوں، سیاحت اور کاروباری سفر کو فروغ دینا ہے۔
نوئیڈا ایئرپورٹ کی ایک بڑی اہمیت اس کا آگرہ اور تاج محل کے قریب ہونا بھی ہے۔ یہ ایئرپورٹ تاج محل سے تقریباً 139 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جہاں سے یمنا ایکسپریس وے کے ذریعے تقریباً دو گھنٹے میں آگرہ پہنچا جا سکتا ہے۔
این ڈی ٹی وی ٹریول کے مطابق، نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ تقریباً 1,334 ہیکٹر رقبے پر چار مراحل میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں رن وے، انٹیگریٹڈ مسافر ٹرمینل اور ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور شامل ہیں، جبکہ اس مرحلے میں سالانہ 1 کروڑ 20 لاکھ مسافروں کو سنبھالنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ مکمل ہونے کے بعد ایئرپورٹ کا ہدف سالانہ 22 کروڑ 50 لاکھ مسافروں تک پہنچنا ہے۔