تاریخ اشاعت: August 24, 2026 - 4:45 PM
China’s Property Crisis Enters Sixth Year, Smaller Cities Hit Harder
چین کا پراپرٹی بحران چھٹے سال میں داخل، چھوٹے شہروں میں صورتحال زیادہ خراب
▫️300 ارب ڈالر سے زائد واجبات کے ساتھ ایورگرینڈ کے زوال نے چین کی ہاؤسنگ مارکیٹ کو ہلا دیا، لاکھوں نامکمل گھر، گرتی قیمتیں اور کمزور فروخت اب بھی بحالی کی راہ میں بڑی رکاوٹ
چین کی دیو ہیکل رئیل اسٹیٹ کمپنی ایورگرینڈ کے بانی ہوئی کا یان کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کے باوجود ملک کا طویل پراپرٹی بحران ختم ہوتا دکھائی نہیں دے رہا اور چھٹے سال میں داخل ہونے والا یہ بحران دنیا کی دوسری بڑی معیشت پر مسلسل دباؤ ڈال رہا ہے۔
چین کی عدالت نے 20 اگست کو ہوئی کا یان کو مالی فراڈ، فنڈز کے غلط استعمال، غیر قانونی قرضوں، سکیورٹیز فراڈ اور رشوت سمیت متعدد جرائم میں عمر قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے ان کے ذاتی اثاثے ضبط کرنے کا بھی حکم دیا۔ ایورگرینڈ اور اس سے منسلک کمپنیوں پر بھی اربوں یوآن کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
ایورگرینڈ کبھی چین کی سب سے بڑی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں میں شمار ہوتی تھی، تاہم 300 ارب ڈالر سے زیادہ کے واجبات کے بعد اس کا مالی بحران پورے چینی پراپرٹی شعبے کیلئے ایک بڑی علامت بن گیا۔ کمپنی کی مشکلات کے نتیجے میں بڑی تعداد میں رہائشی منصوبے نامکمل رہ گئے جبکہ خریداروں، سرمایہ کاروں اور قرض فراہم کرنے والے اداروں کو بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق چین میں مکانات کی قیمتیں مسلسل دباؤ میں ہیں، پراپرٹی کی فروخت اور نئی تعمیرات کمزور ہیں جبکہ چھوٹے شہروں میں صورتحال زیادہ مشکل ہے۔ ملک کے کئی بڑے ڈویلپرز بھی قرضوں کی ادائیگی، تنظیم نو یا مالی مشکلات سے گزر چکے ہیں۔
بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ مخصوص کمزور مارکیٹوں میں گھروں کی قیمتوں کو مزید نمایاں کمی کا سامنا ہوسکتا ہے اور پراپرٹی شعبے کی مکمل بحالی میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔ اس بحران نے گھریلو اخراجات، سرمایہ کاری اور تعمیراتی سرگرمیوں کو بھی متاثر کیا ہے۔
ایورگرینڈ کے بانی کو سزا چین کے پراپرٹی شعبے کے ایک بڑے باب کا اختتام ضرور ہے، لیکن نامکمل منصوبے، کمزور ہاؤسنگ طلب، گرتی قیمتیں اور ڈیولپرز کے قرضے ظاہر کرتے ہیں کہ چین کا اصل رئیل اسٹیٹ مسئلہ ابھی حل نہیں ہوا۔