تاریخ اشاعت: June 16, 2026 - 11:24 AM
Dubai: Expansion of Al Maktoum International Airport Progressing on Schedule, First Phase Targeted for 2032
دبئی: المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے پر کام جاری، پہلا مرحلہ 2032 میں فعال کرنے کا ہدف برقرار
▫️آئندہ مرحلے میں 55 ارب درہم سے زائد کے مزید معاہدے ہونگے، منصوبے سے عالمی سرمایہ کاری، روزگار، تعمیرات، رئیل اسٹیٹ اور لاجسٹکس کے شعبوں کو طویل المدتی فائدہ پہنچے گا
دبئی کے ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے کہا ہے کہ المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا توسیعی منصوبہ منظور شدہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے اور اس کے پہلے مرحلے کو 2032 میں آپریشنل کرنے کا ہدف برقرار ہے۔
دبئی حکومت کے مطابق یہ منصوبہ امارت کے مستقبل کے بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں میں شامل ہے، جس کا مقصد دبئی کو عالمی ہوا بازی، تجارت، سیاحت اور لاجسٹکس کے مرکز کے طور پر مزید مضبوط بنانا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کے مختلف حصوں، جن میں رن وے انفراسٹرکچر، بنیادی تعمیراتی کام، مسافر ٹرمینلز اور گیٹس کی ابتدائی بنیادیں شامل ہیں، پر نمایاں پیش رفت ہو چکی ہے۔
شیخ حمدان بن محمد نے منصوبے کو دبئی کے طویل المدتی معاشی وژن کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید انفراسٹرکچر کے ذریعے امارت کی عالمی رابطہ کاری، اقتصادی مسابقت اور مستقبل کی ترقی کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ دبئی اکنامک ایجنڈا D33 کے اہداف کے حصول میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
دبئی ایوی ایشن حکام کے مطابق اس وقت 13 ارب درہم مالیت کے تعمیراتی معاہدوں پر عملدرآمد جاری ہے، جبکہ اگلے مرحلے میں 55 ارب درہم سے زائد کے مزید اسٹریٹجک تعمیراتی معاہدے جاری کیے جانے کی تیاری مکمل کی جا رہی ہے۔ گزشتہ 15 ماہ کے دوران منصوبے پر ایک کروڑ سے زائد افرادی گھنٹوں کا کام مکمل کیا جا چکا ہے۔
حکام کے مطابق سائٹ پر اس وقت تقریباً 9 ہزار افراد کام کر رہے ہیں، جبکہ تعمیراتی سرگرمیاں عروج پر پہنچنے کے بعد افرادی قوت بڑھ کر تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار تک جا سکتی ہے۔ منصوبے کے تحت 17 ہزار سے زائد کنکریٹ پائلز کی تنصیب، 45 ملین مکعب میٹر سے زیادہ کھدائی، دوسرے رن وے کی تکمیل اور بنیادی انفراسٹرکچر پیکج پر کام شامل ہے۔
المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ مکمل ہونے کے بعد دنیا کے سب سے بڑے ہوائی اڈوں میں شمار ہوگا۔ اس کی حتمی گنجائش سالانہ 26 کروڑ مسافروں تک بتائی گئی ہے، جبکہ منصوبے میں پانچ متوازی رن ویز، 400 سے زائد ایئرکرافٹ گیٹس، جدید آٹومیشن، مسافروں کی تیز نقل و حرکت کے نظام اور مربوط ٹرانسپورٹ نیٹ ورک شامل ہوں گے۔
دبئی حکومت پہلے ہی اعلان کر چکی ہے کہ آنے والے برسوں میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنز مرحلہ وار المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ منتقل کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے کے مکمل ہونے کے بعد اس ایئرپورٹ کی سالانہ گنجائش تقریباً 15 کروڑ مسافروں تک پہنچنے کی توقع ہے۔
منصوبے کو دبئی ساؤتھ کی ترقی کے لیے بھی انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ایئرپورٹ کے گرد رہائشی، تجارتی، لاجسٹکس اور فضائی نقل و حمل سے منسلک سرگرمیوں کا وسیع نیٹ ورک قائم کیا جا رہا ہے۔
دبئی حکومت کے مطابق اس منصوبے سے نہ صرف ہوا بازی کے شعبے میں گنجائش بڑھے گی بلکہ عالمی سرمایہ کاری، روزگار، تعمیرات، رئیل اسٹیٹ اور لاجسٹکس کے شعبوں کو بھی طویل المدتی فائدہ پہنچے گا۔
ماہرین کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہلے ہی دنیا کے مصروف ترین بین الاقوامی سفری مراکز میں شامل ہے، اس لیے مستقبل کی سفری طلب، آبادی میں اضافے اور عالمی تجارتی روابط کو دیکھتے ہوئے المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع دبئی کی طویل المدتی حکمت عملی کا بنیادی ستون بن چکی ہے۔