تاریخ اشاعت: November 25, 2026 - 3:01 PM
Saudi Arabia's Prime Office Occupancy Reaches 97% as Residential Property Transactions Decline
سعودی عرب میں اعلیٰ معیار کے دفاتر کی شرح استعمال 97 فیصد تک پہنچ گئی، رہائشی جائیدادوں کے سودوں میں کمی
▫️ ریاض میں دفاتر کا سالانہ کرایہ 3 ہزار 320 سعودی ریال فی مربع میٹر تک پہنچ گیا، نیوم کے بڑے منصوبوں کو معاہدوں کی منسوخی اور تاخیر کا سامنا
سعودی عرب کی کمرشل رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں سال 2026 کی تیسری سہ ماہی کے دوران اعلیٰ معیار کے دفاتر کی طلب مستحکم رہی، تاہم رہائشی جائیدادوں کی خرید و فروخت میں سست روی اور بڑے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال دیکھی گئی۔
رہائشی پراپرٹی مارکیٹ میں جائیدادوں کے سودوں کی مجموعی مالیت سالانہ بنیادوں پر 8 فیصد جبکہ سودوں کی تعداد میں 7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ سعودی عرب میں اپارٹمنٹس کی فی مربع میٹر اوسط قیمت 3.6 فیصد کم ہوئی، تاہم ریاض میں اپارٹمنٹس کی قیمتوں میں 2.3 فیصد اضافہ اور ولاز کی قیمتوں میں 6.5 فیصد کمی سامنے آئی۔ اگست کے دوران ملک بھر میں رئیل اسٹیٹ کے مجموعی سودوں کی مالیت 24 ارب 40 کروڑ سعودی ریال رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 15 فیصد کم ہے۔ اس میں رہائشی جائیدادوں کا حصہ 17 ارب 90 کروڑ سعودی ریال تھا۔ دوسری جانب گوداموں کی طلب میں اضافہ برقرار رہا اور مشرقی ریاض میں سالانہ کرائے 15.1 فیصد جبکہ جنوبی جدہ میں 16.7 فیصد بڑھ گئے۔
مارکیٹ میں تبدیلیوں کے باوجود سعودی عرب میں متعدد بڑے رہائشی، تجارتی اور ہوٹلنگ منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے۔ درعیہ میں ہوٹلوں اور رہائشی منصوبوں کے لیے تقریباً 2 ارب 73 کروڑ سعودی ریال کے تعمیراتی معاہدے دیے گئے ہیں، جبکہ ریاض میں 2026 کے اختتام سے 2028 تک مزید تقریباً 17 لاکھ مربع میٹر دفتری جگہ کی فراہمی متوقع ہے۔ سی بی آر ای کے مطابق سعودی عرب کے رئیل اسٹیٹ شعبے کو بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری، معاشی تنوع اور وژن 2030 کے منصوبوں سے معاونت حاصل ہورہی ہے، تاہم ڈویلپرز اور سرمایہ کار اب تعمیراتی لاگت، مالیاتی انتظامات اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو زیادہ اہمیت دے رہے ہیں۔