تاریخ اشاعت: April 25, 2026 - 3:55 PM
Singapore Ranks First in Asia and 10th Globally in Building Material Reuse
سنگاپور بلڈنگ میٹریل کے 'ری یوز' کے حوالے سے ایشیا میں پہلے ، دنیا میں 10ویں نمبر پر
▫️دنیا کے ٹاپ 10 میں شامل ہونیوالا پہلا ایشیائی شہر، لندن، ایمسٹرڈم اور پیرس عالمی سطح پر سر فہرست
سنگاپور کو بلڈنگ میٹریل کے 'ری یوز' یعنی دوبارہ استعمال کے عالمی انڈیکس میں 10واں نمبر دیا گیا ہے، جس کے ساتھ یہ واحد ایشیائی شہر ہے جو دنیا کے ٹاپ 10 میں شامل ہوا ہے۔ Savills کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق Material Reuse Maturity Index میں شہروں کی درجہ بندی مواد کی ری سائیکلنگ اور دوبارہ استعمال کی شرح، نظام کی تیاری (ecosystem readiness) اور معاون قوانین و ضوابط کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔ اس فہرست میں سنگاپور کی نمایاں پوزیشن اس کی مضبوط پالیسی سپورٹ اور پائیدار شہری ترقی پر بڑھتے ہوئے زور کو ظاہر کرتی ہے۔
سنگاپور کی کارکردگی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ حکومت گرین بلڈنگ پالیسیوں کو بھرپور فروغ دے رہی ہے، جس کے تحت 2030 تک 80 فیصد عمارتوں کو ماحول دوست معیارات پر لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پرانی عمارتوں کو مکمل گرانے کے بجائے ان کی ریٹروفٹنگ اور اپ گریڈنگ کا رجحان بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
رپورٹ میں روبنسن روڈ پر واقع روبنسن پوائنٹ کی مثال دی گئی ہے، جو 1997 میں تعمیر ہونے والی عمارت ہے اور اب اسے گریڈ اے آفس سٹینڈرڈز کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ اس میں قدرتی روشنی کے بہتر استعمال اور ماحول دوست ڈیزائن عناصر شامل کیے جا رہے ہیں۔
عالمی سطح پر یورپی شہر فہرست میں غالب رہے، جہاں لندن، ایمسٹرڈم اور پیرس نے پہلی تین پوزیشنیں حاصل کیں۔ ان شہروں کو کم کاربن تعمیرات اور سرکلر میٹریل سسٹمز کی ترقی میں نمایاں پیش رفت پر سراہا گیا۔ 'سیولز' نے کہا ہے کہ اب تعمیراتی میٹریل کا دوبارہ استعمال محض ایک ماحول دوست رجحان نہیں رہا بلکہ یہ سرمایہ کاری کی ایک اہم حکمتِ عملی بن چکا ہے، جس میں ڈویلپرز لاگت میں کمی اور سی ایس جی تقاضوں کو یکساں اہمیت دے رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ہلکی ریٹروفٹنگ پر عمارت کی مجموعی مالیت کا صرف 2 سے 6 فیصد خرچ آتا ہے، جبکہ بڑی سطح کی تزئین و آرائش یا دوبارہ تعمیر زیادہ مہنگی ہو سکتی ہے لیکن اس سے طویل مدتی بہتر منافع حاصل کیا جا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سخت ہوتی ماحولیاتی پالیسیاں، کرایہ داروں کی بدلتی توقعات اور پائیداری کے اہداف رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کو تبدیل کر رہے ہیں، اور ریٹروفٹنگ کو اب کاربن اخراج کم کرنے کا سب سے مؤثر طریقہ سمجھا جا رہا ہے۔