تاریخ اشاعت: August 6, 2026 - 5:20 PM
South Africa Leads Global Commercial Property Performance with 11.9% Annual Return as Real Estate Recovery Gains Momentum
جنوبی افریقہ 11.9 فیصد سالانہ منافع کے ساتھ عالمی کمرشل پراپرٹی مارکیٹ میں سرفہرست
▫️جغرافیائی سیاسی کشیدگی، شرح سود کی غیر یقینی صورتحال اور ڈیٹا سینٹرز کی بڑھتی طلب عالمی سرمایہ کاری کے رجحانات کو نئی شکل دینے لگی
جنوبی افریقہ دنیا کی بہترین کارکردگی دکھانے والی کمرشل پراپرٹی مارکیٹ بن کر سامنے آیا ہے، جہاں سالانہ منافع کی شرح 11.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی رئیل اسٹیٹ مارکیٹس حالیہ معاشی مشکلات کے بعد بتدریج بحالی کی جانب بڑھ رہی ہیں۔
یہ اعدادوشمار ساؤتھ افریقن پراپرٹی اونرز ایسوسی ایشن (SAPOA) کی گلوبل پراپرٹی ٹرینڈز رپورٹ سے متعلق ویبینار میں پیش کیے گئے، جہاں ایم ایس سی آئی نے عالمی پراپرٹی مارکیٹس کی تازہ ترین صورتحال پر روشنی ڈالی۔
رپورٹ کے مطابق 2025 کے دوران عالمی کمرشل پراپرٹی مارکیٹس میں نمایاں بہتری دیکھی گئی اور مجموعی سرمایہ کاری منافع بڑھ کر 4.8 فیصد ہوگیا، جو 2024 میں 2 فیصد تھا۔ پھر 2026 میں بھی یہی صورتحال چل رہی ہے۔ یہ اعدادوشمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی، افراط زر کے دباؤ اور عالمی شرح سود سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے باوجود مختلف خطوں میں رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کی بحالی کا دائرہ وسیع ہورہا ہے۔
ایم ایس سی آئی کے تجزیے کے مطابق کرایوں سے حاصل ہونے والی مستحکم آمدن اور جائیدادوں کی قدر میں بتدریج استحکام عالمی پراپرٹی مارکیٹ کی بحالی کے بنیادی عوامل ہیں۔ اگرچہ بعض خطوں میں سرمایہ کار اب بھی محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں، تاہم مجموعی رجحان اس بات کی جانب اشارہ کرتا ہے کہ کئی برس کی غیر یقینی صورتحال کے بعد کمرشل رئیل اسٹیٹ مارکیٹ نسبتاً مستحکم مرحلے میں داخل ہورہی ہے۔
شعبہ وار جائزے کے مطابق 2025 میں عالمی سطح پر ہوٹلوں اور ریٹیل پراپرٹیز نے سب سے زیادہ منافع فراہم کیا۔ صنعتی اور رہائشی جائیدادوں کی کارکردگی بھی بہتر رہی، جس کی بڑی وجہ صارفین کی مستقل طلب اور سرمایہ کاروں کا اعتماد قرار دیا گیا۔
دوسری جانب کورونا وبا کے بعد کئی برس تک مشکلات کا سامنا کرنے والے دفتری شعبے میں بھی بحالی کے آثار نمایاں ہوئے ہیں۔ مختلف بڑے شہروں میں آفس لیزنگ سرگرمیوں میں بہتری ریکارڈ کی گئی، جس سے دفتر ی جائیدادوں کے شعبے کے بارے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد جزوی طور پر بحال ہوا ہے۔
اگرچہ 2025 کے دوران جنوبی افریقہ میں براہ راست کمرشل پراپرٹی سرمایہ کاری کے حجم میں کچھ کمی دیکھی گئی، تاہم مجموعی مارکیٹ نے مضبوط مزاحمت کا مظاہرہ کیا۔ ریٹیل پراپرٹیز سرمایہ کاری کا سب سے بڑا شعبہ رہیں، جبکہ صنعتی جائیدادوں اور متبادل رئیل اسٹیٹ شعبوں میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں عالمی سرمایہ کاری کے بہاؤ پر جغرافیائی سیاسی حالات کے اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مشرق وسطیٰ سمیت مختلف خطوں میں جاری تنازعات اور عالمی مالیاتی پالیسی سے متعلق غیر یقینی صورتحال بدستور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فیصلوں اور خطرات کے جائزے کو متاثر کررہی ہے۔
تاہم جائیدادوں کی قدر میں بہتری اور مستحکم آمدن فراہم کرنے والے اثاثے طویل مدتی سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا کررہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ غیر یقینی معاشی ماحول میں سرمایہ کار ایسی جائیدادوں کو ترجیح دیں گے جو مستقل نقد آمدن پیدا کرنے اور قیمتوں پر بہتر کنٹرول برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔
مستقبل میں ڈیٹا سینٹرز جیسے ابھرتے ہوئے رئیل اسٹیٹ شعبوں میں ادارہ جاتی سرمایہ کاری بڑھنے کی توقع ہے۔ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث دنیا بھر میں ڈیٹا سینٹرز کی طلب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ عالمی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کو اب بھی معاشی اور جغرافیائی سیاسی خطرات کا سامنا ہے، تاہم بہتر ہوتے بنیادی اشاریے، مستحکم آمدن اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد سے عالمی کمرشل پراپرٹی مارکیٹ میں زیادہ پائیدار بحالی کی بنیاد مضبوط ہورہی ہے۔