تاریخ اشاعت: July 24, 2026 - 3:15 PM
US Energy Company Acquires Houston's Iconic 64 Storey Williams Tower for $300 Million
امریکی توانائی کمپنی نے ہیوسٹن کا مشہور 64 منزلہ ولیمز ٹاور 30 کروڑ ڈالر میں خرید لیا
اسے 2019 کے بعد ہیوسٹن میں کسی ایک دفتری عمارت کی خرید و فروخت کا سب سے بڑا سودا قرار دیا جارہا ہے
امریکی توانائی کمپنی ولیمز کمپنیز نے ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں اپنے نام سے منسوب مشہور ولیمز ٹاور خرید لیا ہے۔
اس 64 منزلہ دفتری عمارت کا مجموعی رقبہ تقریباً 14 لاکھ مربع فٹ ہے۔ خریداری میں عمارت کے ساتھ واقع پارکنگ گیراج بھی شامل ہے۔
کمپنی نے سودے کی اصل قیمت ظاہر نہیں کی، تاہم مارکیٹ ذرائع کے مطابق یہ خریداری 30 کروڑ ڈالر سے زیادہ میں مکمل ہوئی ہے۔
اسے 2019 کے بعد ہیوسٹن میں کسی ایک دفتری عمارت کی خرید و فروخت کا سب سے بڑا سودا قرار دیا جارہا ہے۔
ولیمز ٹاور پہلے انویسکو رئیل اسٹیٹ سے وابستہ ایک ادارے کی ملکیت تھا۔ اس وقت عمارت کا تقریباً 83 فیصد دفتری رقبہ کرایہ داروں کے استعمال میں ہے۔
ولیمز کمپنیز پہلے ہی اس عمارت کی بڑی کرایہ دار تھی۔ عمارت خریدنے کے بعد کمپنی اب اپنے مرکزی دفتر کی جگہ پر براہ راست اختیار حاصل کرلے گی۔
کمپنی نے ہیوسٹن میں مزید 100 ملازمین بھرتی کرنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے، جس سے شہر میں اس کی کاروباری سرگرمیوں اور افرادی قوت میں اضافہ ہوگا۔
یہ سودا ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکا کے کئی شہروں میں دفتری عمارتوں کی مارکیٹ دباؤ کا شکار ہے، تاہم اچھی جگہ پر واقع اور بڑی کمپنیوں کے زیر استعمال عمارتوں میں سرمایہ کاری کی دلچسپی برقرار ہے۔