تاریخ اشاعت: July 29, 2026 - 12:31 PM
Wealthy Thais Reduce London Buying and Turn to Japan Property
دولت مند تھائی سرمایہ کاروں نے لندن میں خریداری کم کرکے جاپان کی پراپرٹی مارکیٹ کا رخ کر لیا
▫️مہنگی ملکیت، بریگزٹ کے اثرات اور معاشی غیر یقینی کے باعث لندن میں سالانہ کرایے کو ترجیح، کمزور ین نے ٹوکیو اور نیسیکو کی کشش بڑھا دی
تھائی لینڈ کے دولت مند سرمایہ کاروں نے لندن میں مہنگی رہائشی پراپرٹی خریدنے کا رجحان کم کرتے ہوئے جاپان کی پراپرٹی مارکیٹ میں دلچسپی بڑھا دی ہے۔ سرمایہ کار لندن کو مکمل طور پر چھوڑنے کے بجائے وہاں گھر خریدنے کی جگہ کرایے پر رہنے اور اپنی سرمایہ کاری کا کچھ حصہ جاپان منتقل کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
لندن طویل عرصے سے ان امیر تھائی خاندانوں کیلئے پسندیدہ مقام رہا ہے جو اپنے بچوں کو برطانیہ میں تعلیم دلانے کیلئے گھر خریدتے تھے۔ لندن کو دنیا کے بڑے مالیاتی مراکز میں شامل ہونے کی وجہ سے ایک محفوظ اور طویل مدتی پراپرٹی سرمایہ کاری بھی سمجھا جاتا تھا، جبکہ تھائی سرمایہ کار ایشیا سے تعلق رکھنے والے نمایاں غیر ملکی خریداروں میں شامل تھے۔
تاہم پراپرٹی کی ملکیت پر بڑھتے ہوئے اخراجات، بریگزٹ کے مسلسل معاشی اثرات، حکومتی پالیسی کے بارے میں غیر یقینی اور عالمی معیشت میں اتار چڑھاؤ نے سرمایہ کاروں کی ترجیحات بدل دی ہیں۔ اب سرمایہ کار مہنگی جائیداد خریدنے کے بجائے نقد رقم محفوظ رکھنے اور ضرورت کے مطابق سرمایہ استعمال کرنے کو زیادہ اہمیت دے رہے ہیں۔
سیولز تھائی لینڈ کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر پراپاپورن بونکاجورنکل کے مطابق پانچ سے دس سال قبل لندن میں فلیٹ یا گھر خریدنا دولت مند تھائی خاندانوں کی طویل مدتی منصوبہ بندی کا حصہ سمجھا جاتا تھا۔ کئی خاندان اپنے بچوں کے سکول میں ہوتے ہوئے ہی گھر خرید لیتے تھے تاکہ مستقبل میں انہیں برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم کے دوران رہائش میسر ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا لاک ڈاؤن، بریگزٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور برطانوی حکومت کی پالیسیوں میں غیر یقینی نے طویل مدتی سرمایہ کاری کے فیصلوں کو مشکل بنا دیا ہے۔ تھائی خاندان اب بھی اپنے بچوں کو تعلیم کیلئے برطانیہ بھیج رہے ہیں، لیکن گھر خریدنے کے بجائے زیادہ تر ایک سال کے لیے کرایہ کے معاہدے کر رہے ہیں۔
لندن کی پراپرٹی کیلئے تھائی سرمایہ کاروں کے بجٹ میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔ پہلے دولت مند خریدار عام طور پر 15 لاکھ سے 50 لاکھ پاؤنڈ تک کی پراپرٹی خریدتے تھے، لیکن اب زیادہ تر سرمایہ کار 8 لاکھ سے 15 لاکھ پاؤنڈ کے درمیان گھر تلاش کر رہے ہیں۔ تقریباً 5 لاکھ پاؤنڈ مالیت کے گھروں کی طلب میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
وسطی لندن میں زمین اور گھروں کی قیمتیں اب بھی بہت زیادہ ہیں، اس لئے محدود بجٹ رکھنے والے تھائی خریدار زون 2 اور زون 3 کی جانب جا رہے ہیں۔ خاص طور پر الزبتھ لائن کے قریب واقع رہائشی منصوبے مرکز تک بہتر سفری سہولت اور نسبتاً کم قیمت کے باعث توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
دوسری جانب جاپانی ین کی کم قدر نے تھائی سرمایہ کاروں کی قوت خرید بڑھا دی ہے۔ جاپان کی نسبتاً مستحکم پراپرٹی مارکیٹ، جدید بنیادی ڈھانچہ، مضبوط سیاحت اور واضح کاروباری ماحول بھی سرمایہ کاروں کو اپنی طرف متوجہ کر رہے ہیں۔
ٹوکیو کو رہائشی طلب اور کرایے سے آمدن حاصل کرنے والی پراپرٹیز کیلئے اہم مارکیٹ سمجھا جا رہا ہے، جبکہ ہوکائیڈو کا سیاحتی علاقہ نیسیکو بین الاقوامی شہرت رکھنے والے سکی ریزورٹس کی وجہ سے دولت مند غیر ملکی خریداروں میں مقبول ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ تبدیلی لندن پر اعتماد مکمل طور پر ختم ہونے کی علامت نہیں بلکہ سرمایہ کاری میں زیادہ لچک، نقد رقم کے تحفظ اور مختلف ملکوں میں اثاثے تقسیم کرنے کی حکمت عملی ہے۔ لندن تعلیم سے متعلق رہائشی ضروریات کیلئے اہم ہے، جبکہ جاپان کو اب کرایے سے آمدن، سیاحت اور سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو متنوع بنانے کیلئے ایک ابھرتا ہوا متبادل سمجھا جا رہا ہے۔