تاریخ اشاعت: June 19, 2026 - 12:45 PM
12 Development Projects Worth Over Rs 435.66 Billion Approved Under “Uraan Pakistan”
"اڑان پاکستان" کے تحت 435 ارب ، 66 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 12 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی گئی
▫️16 ارب 90 کروڑ روپے کے 6 منصوبے براہِ راست منظور، 418 ارب روپے سے زائد کے 6 بڑے منصوبے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو ارسال
سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے ’اُڑان پاکستان‘ اقدام کے تحت 435 ارب 66 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 12 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔
سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن احسن اقبال کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا، جس میں مختلف شعبوں سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران فورم نے 16 ارب 90 کروڑ روپے مالیت کے 6 منصوبوں کی براہِ راست منظوری دی، جبکہ 418 ارب 76 کروڑ روپے لاگت کے 6 بڑے منصوبوں کو حتمی منظوری کے لیے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی، ایکنک، کو بھیج دیا گیا۔
آئی ٹی کے شعبے میں “سمارٹ اسلام آباد انیشی ایٹو فیز ون” بھی منظور کر لیا گیا، جس کی لاگت 2 ارب 89 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔ حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں جدید ڈیجیٹل سہولتوں، شہری خدمات اور اسمارٹ گورننس کے نظام کو فروغ دینا ہے۔
اجلاس میں توانائی کے شعبے سے متعلق 7 منصوبے بھی پیش کیے گئے۔ ان میں سیپکو کے لیے 100 اور 200 کے وی اے جنرل ڈیوٹی ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز سے متعلق اثاثہ جاتی کارکردگی کے انتظامی نظام کی فراہمی، تنصیب، آزمائش اور کمیشننگ کا منصوبہ بھی شامل تھا، جس کی لاگت ایک ارب 97 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں کی منظوری سے توانائی، آئی ٹی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں بہتری آئے گی، جبکہ ترقیاتی عمل کو تیز کرنے اور عوامی سہولتوں میں اضافے کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔