تاریخ اشاعت: September 18, 2026 - 2:01 PM
69 Corruption Cases Against Revenue Officials; Anti Corruption Decides to Raise Issue Before Punjab Chief Secretary
ریونیو افسران کے خلاف 69 کرپشن مقدمات، اینٹی کرپشن کا چیف سیکرٹری پنجاب کے سامنے معاملہ اٹھانے کا فیصلہ
▫️گوجرانوالہ ریجن میں 39 کیسز میں کارروائی نہ ہونے پر اینٹی کرپشن کو تشویش،کارروائی مکمل ہونے تک افسر کو قصوروار نہیں ٹھہرا سکتے، ریونیو بورڈ
لاہور | ری نیوز پاکستانپنجاب کے محکمہ ریونیو میں کرپشن مقدمات کا سامنا کرنے والے متعدد افسران اور اہلکاروں کی اہم عہدوں پر تعیناتی کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس پر اینٹی کرپشن حکام نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پنجاب کے محکمہ ریونیو میں کرپشن مقدمات کا سامنا کرنے والے متعدد افسران اور اہلکاروں کی اہم عہدوں پر تعیناتی کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس پر اینٹی کرپشن حکام نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری 2026 سے گوجرانوالہ ریجن میں محکمہ ریونیو کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (ACE) نے 69 مقدمات درج کیے۔
اعداد و شمار کے مطابق ان مقدمات میں سے صرف 24 کیسز میں معطلی سمیت محکمانہ کارروائی کی گئی، جبکہ 39 مقدمات میں کسی کارروائی کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ مزید 6 نامزد اہلکار ریٹائر یا وفات پا چکے ہیں۔
اینٹی کرپشن حکام نے مقدمات درج ہونے کے باوجود متعلقہ افسران کے خلاف بروقت محکمانہ کارروائی نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ معاملہ چیف سیکرٹری پنجاب کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مزید اقدامات کیے جا سکیں۔
دوسری جانب بورڈ آف ریونیو نے موقف اختیار کیا ہے کہ صرف ایف آئی آر کا اندراج کسی افسر کو مجرم ثابت نہیں کرتا، بلکہ قانونی کارروائی مکمل ہونے اور جرم ثابت ہونے کے بعد ہی تادیبی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
بورڈ آف ریونیو کے مطابق محکمانہ اقدامات مکمل قانونی تقاضوں اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق کیے جاتے ہیں، جبکہ کسی بھی افسر یا اہلکار کو محض مقدمہ درج ہونے کی بنیاد پر قصوروار قرار نہیں دیا جا سکتا۔
ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن کیسز کے باوجود بعض ریونیو افسران، نائب تحصیلداروں اور پٹواریوں کی سرکاری عہدوں پر موجودگی نے محکمہ میں احتساب کے نظام پر سوالات اٹھائے ہیں۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے مقدمات کے ساتھ ساتھ بروقت محکمانہ اقدامات بھی ضروری ہیں، تاکہ عوامی اعتماد برقرار رکھا جا سکے۔