تاریخ اشاعت: May 15, 2026 - 10:40 AM
Building Plan Approved for Islamabad’s Potentially Tallest Tower, Citizens and Stakeholders Invited to Submit Feedback and Objections
اسلام آباد میں ممکنہ بلند ترین عمارت کا نقشہ منظور، منصوبے سے متعلق شہریوں، سٹیک ہولڈرز اور متعلقہ اداروں سے آراء، اعتراضات اور تجاویز طلب
▫️پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے 9 ہزار مربع گز کے پلاٹ پر تعمیر یہ منصوبہ ایئر لائن ہیڈکوارٹرز، ہوٹل، ایوی ایشن میوزیم اور کاروباری دفاتر پر مشتمل ہوگا
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے اسلام آباد کے بلیو ایریا میں ایک بڑے کثیر المنزلہ آفس اور ایوی ایشن کمپلیکس کی تعمیر کا منصوبہ تیار کیا ہے، جو وفاقی دارالحکومت کی ممکنہ بلند ترین عمارت بن سکتی ہے۔
پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کو جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق یہ مجوزہ منصوبہ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے بلیو ایریا میں واقع 9 ہزار مربع گز کے پلاٹ پر تعمیر کیا جائے گا۔ بلیو ایریا اسلام آباد کا مرکزی کاروباری علاقہ شمار کیا جاتا ہے۔
منصوبے کو ایک اہم بلند عمارت کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جس کا مقصد ایوی ایشن سے متعلق دفاتر، کارپوریٹ سہولیات اور عوامی نوعیت کی خدمات کو ایک جدید کمپلیکس میں یکجا کرنا ہے۔
پاک ای پی اے کی جانب سے شیئر کی گئی منصوبے کی تفصیلات کے مطابق مجوزہ ایوی ایشن کمپلیکس میں پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے دفاتر، ایئر لائن ہیڈکوارٹرز، کانفرنس اور کاروباری سہولیات، بینک، تفریحی مقامات، فٹنس سہولیات، ایوی ایشن میوزیم، آرٹ گیلری، ڈے کیئر سنٹر، فوڈ کورٹس اور ہوٹل رہائش شامل ہو گی۔
پاک ای پی اے نے منصوبے سے متعلق شہریوں، سٹیک ہولڈرز اور متعلقہ اداروں سے آرا، اعتراضات اور تجاویز طلب کر لی ہیں۔ اس سلسلے میں عوامی سماعت 18 مئی کو اسلام آباد کے کراؤن ہوٹل میں مقرر کی گئی ہے۔
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ منصوبے کے لیے عمارت کا نقشہ پہلے ہی منظور کیا جا چکا ہے۔ تاہم حکام کے مطابق اس مرحلے پر اسے باضابطہ طور پر اسلام آباد کی بلند ترین عمارت قرار دینا قبل از وقت ہو گا۔
سی ڈی اے کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ابھی یہ کہنا ممکن نہیں کہ یہ عمارت اسلام آباد کی بلند ترین عمارت ہو گی یا نہیں، تاہم یہ درست ہے کہ منصوبے کا بلڈنگ پلان منظور ہو چکا ہے۔
یہ منصوبہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اسلام آباد کی شہری ساخت اور سکائی لائن تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور شہر کے مختلف کاروباری علاقوں میں کئی بلند عمارتیں مکمل ہو چکی ہیں یا زیر تعمیر ہیں۔
اس وقت دی سینٹورس اسلام آباد کی نمایاں بلند عمارتوں میں شامل ہے، جس کی بلندی تقریباً 335 فٹ اور منزلوں کی تعداد 29 ہے۔ ایف 10 مرکز میں زیر تعمیر گارڈن ریزیڈنشل اپارٹمنٹ پراجیکٹ تقریباً 470 فٹ بلند اور 42 منزلوں پر مشتمل ہو گا، جسے وفاقی دارالحکومت کی بلند ترین عمارتوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو بھی اسلام آباد کے نمایاں بلند تعمیراتی منصوبوں میں شامل ہے۔
اگر پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کا مجوزہ ایوی ایشن کمپلیکس منصوبے کے مطابق مکمل ہو جاتا ہے تو یہ نہ صرف بلیو ایریا کی کاروباری سکائی لائن میں ایک اہم اضافہ ہو گا بلکہ ملک کے ایوی ایشن شعبے سے وابستہ ایک نمایاں ادارہ جاتی منصوبہ بھی ثابت ہو سکتا ہے۔