تاریخ اشاعت: September 3, 2026 - 2:01 PM
CDA Fails to Allot Land to PIDE Six Years After Receiving Rs 4 Billion
سی ڈی اے 4 ارب روپے وصول کرنے کے 6 سال بعد بھی PIDE کو زمین الاٹ نہ کرسکا
▫️وفاقی وزیر احسن اقبال کا معاملہ فوری حل کا حکم، سی ڈی اے کو زمین دینے یا رقم واپس کرنے کی ہدایت
اسلام آباد | ری نیوز پاکستانکیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) 6 سال گزرنے کے باوجود پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پی آئی ڈی ای) کو زمین الاٹ کرنے میں ناکام رہا ہے، حالانکہ ادارہ اس مقصد کے لیے سی ڈی اے کو تقریباً 4 ارب روپے اد...
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) 6 سال گزرنے کے باوجود پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پی آئی ڈی ای) کو زمین الاٹ کرنے میں ناکام رہا ہے، حالانکہ ادارہ اس مقصد کے لیے سی ڈی اے کو تقریباً 4 ارب روپے ادا کرچکا ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سی ڈی اے کو فوری طور پر مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سی ڈی اے یا تو پی آئی ڈی ای کو مطلوبہ زمین فوری طور پر فراہم کرے یا ادارے کی جانب سے جمع کرائی گئی تقریباً 4 ارب روپے کی رقم واپس کرے۔
یہ معاملہ وفاقی وزیر کی زیر صدارت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے جائزے کے لیے ہونے والے اجلاس میں زیر بحث آیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پی آئی ڈی ای نے 2017 سے 2020 کے دوران سی ڈی اے کو مطلوبہ رقم جمع کرائی، تاہم اس کے باوجود ادارے کو تاحال زمین الاٹ نہیں کی جاسکی۔
اجلاس میں پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق پی آئی ڈی ای 2022 سے سی ڈی اے کے ساتھ اس معاملے کی پیروی کر رہا ہے، تاہم متعدد کوششوں کے باوجود اب تک کوئی قابل عمل حل سامنے نہیں آسکا اور نہ ہی ادارے کو وہ زمین فراہم کی گئی جس کے عوض رقم جمع کرائی گئی تھی۔
احسن اقبال نے معاملے میں طویل تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی ڈی ای کو ادارہ جاتی ضروریات کے لیے زمین کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب ایک سرکاری ادارہ ہی اربوں روپے کی ادائیگی کے باوجود برسوں سے اپنے معاملے کے حل کا منتظر ہو تو عام شہری اپنے مسائل کے منصفانہ اور بروقت حل کی کیسے توقع کرسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے سی ڈی اے کو معاملے پر واضح اور فوری جواب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسے مزید زیر التوا نہیں رکھا جاسکتا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے اور وزیراعظم کی ہدایات پر مقررہ مدت کے اندر عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں کچھی کینال فیز ٹو منصوبے پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے حکام کو منصوبے میں تعمیراتی معیار برقرار رکھنے اور تمام مراحل میں معیار کے تقاضوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے دستیاب آپشنز پر حکومت بلوچستان سے مشاورت کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں 35 کلومیٹر طویل لورالائی، ژوب روڈ منصوبے کی پیش رفت بھی زیر غور آئی۔ احسن اقبال نے متعلقہ حکام کو منصوبے میں تاخیر کی وجوہات دور کرنے اور مقررہ مدت کے اندر سڑک کی تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
علامہ اقبال میموریل اور اقبال لائبریری منصوبہ بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھا۔ وفاقی وزیر نے حکام کو لائبریری کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کرنے اور مزید تاخیر کے بغیر کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے سی ڈی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو منصوبے کی سمری 3 روز کے اندر آگے بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال کو سالِ علامہ اقبال کے طور پر منایا جائے گا، اس لیے منصوبے پر بروقت پیش رفت ضروری ہے۔
وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ محکموں کو زیر جائزہ منصوبوں پر کام تیز کرنے، انتظامی رکاوٹیں دور کرنے اور حکومتی ترقیاتی ترجیحات پر مقررہ مدت کے اندر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔