تاریخ اشاعت: October 31, 2026 - 9:01 AM
CDA Issues 15-Day Notice Over Alleged Illegal Construction at Fazlur Rehman’s Islamabad Residence
فضل الرحمان کی اسلام آباد رہائش گاہ پر مبینہ غیر قانونی تعمیرات، سی ڈی اے کا 15 روزہ نوٹس
▫️ سی ڈی اے کیطرف سے خلاف ورزیاں دور نہ کرنے پر عمارت سیل یا منہدم کرنے، قانونی کارروائی اور پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کی کارروائی کا انتباہ
اسلام آباد | ری نیوز نیشنل ڈیسککیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر مبینہ غیر قانونی تعمیرات اور دیگر خلاف ورزیاں 15 روز میں ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر مبینہ غیر قانونی تعمیرات اور دیگر خلاف ورزیاں 15 روز میں ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔30 اکتوبر 2026 کو جاری کیے گئے نوٹس میں سی ڈی اے نے جائیداد کا پتا پلاٹ نمبر 7، اسٹریٹ نمبر 83، سیکٹر جی 6/4 بتایا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق مبینہ خلاف ورزیوں میں غیر مجاز سکیورٹی چیک پوسٹ، سی ڈی اے کی ملکیتی زمین پر نصب جنریٹر اور عمارت کی لازمی حدود کے اندر تعمیرات شامل ہیں۔
سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ آف بلڈنگ کنٹرول (سٹی) کی جانب سے جائیداد کے مالک اور قابض کو جاری نوٹس میں خلاف ورزیاں مقررہ مدت میں ختم کرکے عمارت کو متعلقہ ضوابط کے مطابق کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نوٹس کے مطابق مالک نے 18 مارچ 2019 کو حلف نامہ جمع کرایا تھا، جس میں تعمیراتی حدود کے اندر موجود خلاف ورزیاں تین ماہ میں ختم کرنے اور سی ڈی اے کے ضوابط پر عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ خلاف ورزیاں تاحال دور نہیں کی گئیں۔
سی ڈی اے نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں عمل نہ کرنے کی صورت میں سی ڈی اے آرڈیننس اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے۔ ممکنہ اقدامات میں غیر مجاز تعمیرات کو سیل یا منہدم کرنا اور پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کی کارروائی شروع کرنا شامل ہے۔