تاریخ اشاعت: October 29, 2026 - 11:01 AM
CDA Orders Facility Upgrades at Faisal Mosque
سی ڈی اے کا فیصل مسجد میں سہولیات بہتر بنانے کا حکم ، تعمیراتی کام کا معیار برقرار رکھنے اور اسے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت
▫️ چیئرمین سی ڈی اے تعمیراتی کام کے دوران مربوط دیکھ بھال اور مسجد کے منفرد طرزِ تعمیر کے تحفظ پر زور
اسلام آباد | ری نیوز نیشنل ڈیسککیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین سہیل اشرف نے فیصل مسجد میں سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے صفائی، عوامی سہولیات اور مسجد کے اطراف کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دینے کا کہا ہے۔
اسلام آباد | ری نیوز نیشنل ڈیسک
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین سہیل اشرف نے فیصل مسجد میں سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے صفائی، عوامی سہولیات اور مسجد کے اطراف کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دینے کا کہا ہے۔
منگل کے روز جاری تزئین و آرائش اور خوبصورتی کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے چیئرمین نے متعلقہ محکموں کو ضروری مرمت مکمل کرنے، موجودہ انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال اور بنیادی سہولیات کو فعال اور قابلِ رسائی رکھنے کی ہدایت کی۔
ہدایت کے مطابق صفائی ستھرائی بہتر بنانے، راستوں اور اطراف کے علاقوں کی دیکھ بھال اور نمازیوں کے لیے مناسب کینٹین سہولت فراہم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ سہیل اشرف نے عبادت گزاروں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے خوشگوار ماحول فراہم کرنے کی غرض سے لینڈ سکیپنگ اور سبزہ زاروں کی بہتر دیکھ بھال پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ تزئین و آرائش کے دوران نمازیوں کی سہولت بہتر بنانے کے ساتھ فیصل مسجد کے منفرد طرزِ تعمیر اور روحانی اہمیت کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔ حکام کو تعمیراتی کام کا معیار برقرار رکھنے اور اسے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
عمل درآمد کے لیے چیئرمین نے سی ڈی اے کے متعلقہ محکموں، نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک) اور ESCP کے درمیان قریبی رابطہ رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے پیش رفت کی باقاعدہ نگرانی اور بہتر بنائی گئی سہولیات کی مسلسل دیکھ بھال یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
معائنے میں سی ڈی اے کے تعمیرات، سروسز، انجینئرنگ اور دیکھ بھال کے محکموں کے سینیئر نمائندوں، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور نیسپاک و ESCP کے حکام نے شرکت کی۔