تاریخ اشاعت: August 8, 2026 - 11:01 AM
CDWP Clears Seven Development Projects Worth Rs 252.97 Billion
سی ڈی ڈبلیو پی نے 252.97 ارب روپے کے سات ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی
▫️کراچی کا 171.81 ارب روپے کا کے فور منصوبہ ترقیاتی پورٹ فولیو میں سب سے بڑا، پانی، خلائی ٹیکنالوجی اور ادارہ جاتی صلاحیت میں بڑی سرمایہ کاری آگے بڑھنے لگی
سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے مجموعی طور پر 252.97 ارب روپے مالیت کے سات بڑے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے، جن کے ذریعے ملک میں اعلیٰ تعلیم، پانی کی فراہمی، خلائی ٹیکنالوجی اور ادارہ جاتی ترقی کے شعبوں میں نمایاں سرکاری سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔
مجموعی ترقیاتی پورٹ فولیو میں سے سی ڈی ڈبلیو پی نے تقریباً 12.44 ارب روپے مالیت کے چار منصوبوں کی براہ راست منظوری دی، جبکہ 240.54 ارب روپے مالیت کے تین بڑے منصوبے حتمی منظوری کے لیے ایگزیکٹو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل (ایکنک) کو بھجوا دیے گئے۔
اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کی۔ اجلاس میں اعلیٰ تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فزیکل پلاننگ اور ہاؤسنگ سے متعلق منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
سی ڈی ڈبلیو پی کی جانب سے منظور کیے گئے منصوبوں میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چار منصوبے شامل ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر کے ضلع باغ میں ویمن یونیورسٹی کو مضبوط بنانے کے نظرثانی شدہ منصوبے کی 2.55 ارب روپے کی لاگت کے ساتھ اصولی منظوری دی گئی، تاہم اسے لاگت میں معقول کمی سے مشروط کیا گیا ہے۔
منصوبے کے اخراجات کا جائزہ لینے کے لیے سائنس و ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور چیف فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی بھی قائم کر دی گئی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ہدایت دی کہ جامعات کے جامع ماسٹر پلان تیار کیے جائیں اور بڑے تعمیراتی ٹھیکے صرف پہلے سے منظور شدہ اعلیٰ درجے کی کمپنیوں کو دیے جائیں۔
حکام کو یہ بھی ہدایت دی گئی کہ نظرثانی شدہ منصوبوں میں پہلے سے مکمل شدہ کام کی تصویری شہادت شامل کی جائے اور پراجیکٹ ڈائریکٹرز کی تقرری اہلیت، مہارت اور متعلقہ تجربے کی بنیاد پر کی جائے۔
ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے 1.04 ارب روپے کے منصوبے کی بھی منظوری دے دی گئی، تاہم اسے بھی لاگت میں معقول کمی سے مشروط کیا گیا۔
حیدرآباد انسٹیٹیوٹ فار ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے قیام کے 4.56 ارب روپے مالیت کے نظرثانی شدہ منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔
نظرثانی شدہ منصوبے کے تحت ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ہدایت کی گئی کہ منظور شدہ لاگت کے اندر اندر داخلی ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے بسوں کی تعداد دو سے بڑھا کر چھ کی جائے۔ نظرثانی شدہ پی سی ون سے انڈومنٹ فنڈ نکالنے جبکہ اصل منصوبے میں منظور شدہ آپریشنل اخراجات برقرار رکھنے کی ہدایت بھی دی گئی۔
کے بی سی ایم اے کالج آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کو مضبوط بنانے کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی، جس کی لاگت 5.49 ارب روپے سے کم کرکے 4.28 ارب روپے کر دی گئی ہے۔
ایکنک کو بھجوائے گئے تین منصوبوں میں 37.13 ارب روپے مالیت کا پاکستان سپیس سینٹر کا نظرثانی شدہ منصوبہ بھی شامل ہے۔
سپارکو کے زیر اہتمام اس منصوبے کا مقصد پاکستان میں سیٹلائٹ ڈیزائن، اسمبلی، انٹیگریشن، ٹیسٹنگ اور کوالیفکیشن کی مقامی صلاحیت پیدا کرنا ہے۔
اس سہولت سے سیٹلائٹ کی تیاری اور آزمائش کے لیے غیر ملکی سہولیات پر پاکستان کا انحصار کم ہونے کی توقع ہے، جبکہ قومی خلائی پروگرام 2047 کے تحت ملک کی تکنیکی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ یہ منصوبہ مستقبل کے ان سیٹلائٹس کی تیاری میں معاون ہوگا جو دفاعی، سائنسی اور سماجی و معاشی ضروریات پوری کریں گے۔
لاہور کے لیے ایک بڑے شہری واٹر انفراسٹرکچر منصوبے کو بھی ایکنک کو بھجوا دیا گیا ہے۔
31.59 ارب روپے مالیت کے لاہور واٹر اینڈ ویسٹ واٹر مینجمنٹ پراجیکٹ میں بی آر بی ڈی نہر پر سطحی پانی کے ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر، تین تین کلومیٹر طویل دو خام پانی کی پائپ لائنیں اور 54 ملین گیلن یومیہ استعداد کا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ شامل ہے۔
منصوبے میں پمپنگ سٹیشنز، فلٹریشن سہولیات، صاف پانی کے ذخیرے کے ٹینک، سلج مینجمنٹ سسٹم، نکاسی آب کا بنیادی ڈھانچہ اور 4.5 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن مین بھی شامل ہے۔
پانی کے ضیاع اور نان ریونیو واٹر میں کمی کے لیے ڈسٹرکٹ میٹرڈ ایریاز، فیڈر مینز، ڈسٹری بیوشن پائپ لائنز، بلک فلو اور صارفین کے میٹرز کے ساتھ ساتھ سپروائزری کنٹرول اینڈ ڈیٹا ایکوزیشن سسٹم بھی منصوبے کا حصہ ہوگا۔
اس کے علاوہ پانچ میگاواٹ کا شمسی توانائی کا نظام اور ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات بھی منصوبے میں شامل ہیں۔
سی ڈی ڈبلیو پی نے پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کو ہدایت دی کہ منصوبے کے سالانہ مالی تقاضوں کو صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے ذریعے پورا کرنے سے متعلق تحریری یقین دہانی فراہم کی جائے۔
اجلاس میں زیر غور آنے والا سب سے بڑا منصوبہ 171.81 ارب روپے مالیت کا گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی سکیم کو بھی ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔
اس منصوبے کا مقصد کراچی کے بڑے پیمانے پر پانی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔ منصوبے میں کینجھر جھیل پر 650 ملین گیلن یومیہ کا انٹیک اسٹرکچر، آر سی سی گریوٹی کنڈوئٹ، پمپنگ سٹیشنز، پریشرائزڈ ٹرانسمیشن پائپ لائنز، تین واٹر اسٹوریج ریزروائرز اور تین فلٹریشن پلانٹس سمیت متعلقہ انفراسٹرکچر شامل ہے۔
احسن اقبال نے کے فور منصوبے کو کراچی میں محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی بہتر بنانے اور ناکافی آبی سہولیات کے باعث پیدا ہونے والے صحت عامہ کے مسائل کے حل کے لیے اہم قرار دیا۔
وفاقی سرمایہ کاری سے کم آمدنی والے گھرانوں پر مالی بوجھ کم ہونے کی بھی توقع ہے، کیونکہ اس وقت شہر کے کئی علاقے روزمرہ پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مہنگے نجی واٹر ٹینکرز پر انحصار کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے سندھ حکومت کو منصوبے کے اہم اجزا کے باہمی ہم آہنگی سے متعلق فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی دی۔
خصوصی طور پر 50 میگاواٹ بجلی کی فراہمی اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن کے مکمل ہونے کے شیڈول پر توجہ دینے کو کہا گیا، کیونکہ منصوبے کے بروقت آپریشن کے لیے یہ بنیادی ضرورت ہے۔
سات منصوبوں پر مشتمل یہ ترقیاتی پورٹ فولیو وفاقی اور صوبائی سطح پر بڑے پیمانے کی سرمایہ کاری کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ صرف ایکنک کو بھجوائے گئے تین منصوبوں کی مجموعی مالیت 240 ارب روپے سے زائد ہے۔
حتمی منظوری اور کامیاب تکمیل کی صورت میں یہ منصوبے اعلیٰ تعلیم کی سہولیات میں توسیع، ملکی سطح پر سیٹلائٹ تیاری کے انفراسٹرکچر کے قیام اور پاکستان کے دو بڑے شہروں، لاہور اور کراچی، میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔