تاریخ اشاعت: August 12, 2026 - 11:43 AM
China Shifts CPEC 2.0 Focus From Government Projects to Business and Industrial Partnerships
سی پیک 2.0 میں چین کی توجہ حکومتی منصوبوں سے کاروباری و صنعتی شراکت داری کی جانب منتقل
▫️سی پیک کا نیا مرحلہ پاکستان کی پیداواری صلاحیت اور برآمدات بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے: احسن اقبال
وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اسلام آباد میں پاکستانی حکام، پالیسی سازوں اور ترقیاتی ماہرین کے ساتھ سی پیک 2.0 کے تحت بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) اور صنعتی تعاون کو آگے بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی مشاورت کی۔
چینی وفد کی قیادت اقتصادی امور کے سینئر ایڈوائزر سن ڈونگ شینگ کر رہے تھے، جبکہ پاکستانی جانب سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام نے مذاکرات میں شرکت کی۔
بات چیت میں سی پیک کے دوسرے مرحلے کو صنعتی ترقی، سرمایہ کاری، نجی شعبے کی شراکت داری اور پاکستان کی برآمدی صلاحیت میں اضافے سے منسلک کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک 2.0 پاکستان اور چین کے اقتصادی تعلقات کو ایک نئے مرحلے میں لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق کاروباری اور صنعتی تعاون میں اضافے سے پاکستان میں پیداواری سرگرمیوں اور برآمدات کو فروغ دینے کے ساتھ تجارتی و برآمدی خسارے پر قابو پانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
سی پیک کے نئے مرحلے میں حکومت سے حکومت تعاون کے ساتھ نجی کاروباری اداروں اور صنعتی شعبوں کے درمیان براہِ راست روابط بڑھانے کو اہمیت دی جارہی ہے، جس کا مقصد چینی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور صنعتی تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان میں برآمدی صنعتوں اور معاشی سرگرمیوں کو وسعت دینا ہے۔