تاریخ اشاعت: June 4, 2026 - 1:00 PM
Citizens’ Properties Cannot Be Kept Blocked for Years: Lahore High Court
شہریوں کی جائیدادیں سالہا سال تک بلاک نہیں رکھی جا سکتیں، لاہور ہائیکورٹ
▫️عدالت کا ایل ڈی اے حکام کو 3 ماہ میں کارروائی مکمل کرنے کا حکم، آئندہ سماعت پر قانونی نکات پر تفصیلی دلائل طلب
لاہور ہائیکورٹ نے شہریوں کی جائیدادوں کو طویل عرصے تک بلاک رکھنے کے معاملے پر سخت ریمارکس دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ شہریوں کی جائیدادیں سالہا سال تک بلاک نہیں رکھی جا سکتیں۔ عدالت نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی حکام کو ہدایت کی ہے کہ متعلقہ کارروائی 3 ماہ میں مکمل کی جائے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مسعود عابد نقوی نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے نشاندہی کی کہ یہ معاملہ 15-2014 سے زیر التوا ہے اور متاثرہ فریق کو مزید انتظار پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ کسی شہری کی جائیداد کو غیر معینہ مدت تک بلاک رکھنا مناسب نہیں، متعلقہ اداروں کو قانون کے مطابق مقررہ وقت میں فیصلہ کرنا ہوگا۔
سماعت کے دوران عدالت نے ایل ڈی اے سے استفسار کیا کہ زمین کے حصول یا ایکوزیشن کی کارروائی کتنے عرصے میں مکمل کی جا سکتی ہے؟ ایل ڈی اے کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ اگر متاثرہ فریق متبادل پلاٹ لینے پر آمادہ ہو تو کارروائی ایک ماہ میں مکمل کی جا سکتی ہے، تاہم اگر اے ڈی سی آر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے تو ایکوزیشن کے عمل میں مزید چھ ماہ درکار ہوں گے۔
عدالت نے ایل ڈی اے کے مؤقف پر ریمارکس دیے کہ متاثرہ فریق متبادل پلاٹ لینے کا خواہشمند نہیں بلکہ قانون کے مطابق مالی معاوضہ چاہتا ہے، اس لیے مزید چھ ماہ کی مہلت نہیں دی جا سکتی۔ عدالت نے واضح کیا کہ جب معاملہ پہلے ہی کئی برس سے التوا کا شکار ہے تو مزید تاخیر متاثرہ شہری کے حقوق کے منافی ہوگی۔
دوران سماعت اے ڈی سی آر کریم داد چغتائی نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ اراضی کی قیمت کا تعین ایک ماہ کے اندر کر دیا جائے گا۔ اس پر عدالت نے ہدایت کی کہ زمین کی قیمت کا تعین 15 روز میں مکمل کیا جائے تاکہ متاثرہ فریق کو قانون کے مطابق معاوضے کی ادائیگی کے معاملے کو آگے بڑھایا جا سکے۔
عدالت نے ایل ڈی اے حکام کو 3 ماہ کے اندر کارروائی مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر قانونی نکات پر تفصیلی دلائل طلب کر لیے۔