تاریخ اشاعت: July 16, 2026 - 10:15 AM
Constitutional Court Overturns Monal Demolition Ruling, Says Due Process Was Ignored
آئینی عدالت نے مونال ریسٹورنٹ کی مسماری کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، سابقہ کارروائی میں قانونی تقاضے نظر انداز کیے گئے
▫️متاثرہ فریقوں کو منصفانہ سماعت کا موقع نہیں دیا گیا اور شواہد ریکارڈ کیے بغیر حتمی نتائج اخذ کیے گئے: تفصیلی فیصلہ جاری
وفاقی آئینی عدالت نے اسلام آباد کے معروف مونال ریسٹورنٹ کی مسماری سے متعلق سابقہ عدالتی حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقدمے کی کارروائی میں قانونی تقاضوں اور منصفانہ سماعت کے بنیادی اصولوں کو نظر انداز کیا گیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ سابقہ فیصلوں میں عدالتی اختیار سے تجاوز کیا گیا، متاثرہ فریقوں کو اپنا مؤقف مکمل طور پر پیش کرنے کا موقع نہیں دیا گیا اور اس کے نتیجے میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہو سکے۔
جسٹس حسن اظہر رضوی کے تحریر کردہ آٹھ صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ نے شواہد ریکارڈ کیے بغیر حتمی نتائج اخذ کیے اور تمام متعلقہ فریقوں کو اپنے قانونی حقوق کے دفاع کا مناسب موقع فراہم نہیں کیا۔ عدالت کے مطابق منصفانہ سماعت اور قانونی عمل کی پاسداری نہ ہونے کے باعث سابقہ کارروائی قانونی طور پر برقرار نہیں رہ سکتی۔
آئینی عدالت نے قرار دیا کہ مونال ریسٹورنٹ کی لیز اور زمین کی ملکیت سے متعلق تنازع پہلے ہی ایک مجاز سول عدالت میں زیر سماعت تھا، تاہم اسی دوران اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئینی درخواست پر فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے کہا کہ بعد ازاں سپریم کورٹ کے فیصلے نے سول عدالت اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر التوا کارروائی کو عملاً غیر مؤثر بنا دیا، حالانکہ بنیادی تنازع ابھی مناسب قانونی فورم پر حل ہونا باقی تھا۔
فیصلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے اس اقدام پر بھی تنقید کی گئی جس کے تحت مارگلہ ہلز میں قائم ایسے ریسٹورنٹس کے خلاف آ بزرویشنز اور انکوائری کے احکامات جاری کیے گئے جو مقدمے میں فریق ہی نہیں تھے۔ آئینی عدالت نے قرار دیا کہ اس نوعیت کی ہدایات مقدمے کے دائرہ کار سے باہر تھیں اور ان اداروں کو متاثر کیا گیا جنہیں اپنا دفاع پیش کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔
عدالت نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کے فیصلے میں موجود قانونی خامیوں کی اصلاح نہیں کی۔ فیصلے کے مطابق وائلڈ لائف ایکٹ کی متعلقہ دفعات کی غلط تشریح کی گئی اور مارگلہ ہلز میں تمام لیز منسوخ کرنے کا عمومی حکم قانون کے منافی تھا۔
وفاقی آئینی عدالت نے قانونی پوزیشن واضح کرتے ہوئے قرار دیا کہ مارگلہ ہلز کے علاقے پر انتظامی اور ریگولیٹری اختیار کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے پاس ہے، نہ کہ وائلڈ لائف بورڈ کے پاس۔ عدالت نے لیز کی ادائیگیاں وائلڈ لائف بورڈ کے پاس جمع کرانے کی سابقہ ہدایت بھی کالعدم قرار دے دی۔
عدالت نے ہدایت کی کہ مونال ریسٹورنٹ کی لیز اور زمین کی ملکیت سے متعلق تنازع مجاز سول عدالت قانون کے مطابق طے کرے اور تمام فریقوں کو شواہد اور دلائل پیش کرنے کا مکمل موقع دیا جائے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں معاملہ دوبارہ متعلقہ قانونی فورم کو منتقل ہو گیا ہے، جبکہ عدالت نے آئینی مقدمات میں منصفانہ سماعت، قانونی طریقہ کار اور عدالتی احتیاط کی اہمیت بھی واضح کر دی ہے۔