تاریخ اشاعت: September 10, 2026 - 9:01 AM
Dangerous Decline in Groundwater Levels, Punjab Housing Ministry Moves to Promote Smart Water Metering
زیرِ زمین پانی کی سطح میں خطرناک کمی، وزارت ہاؤسنگ پنجاب کا سمارٹ واٹر میٹرنگ کے فروغ کا فیصلہ
▫️15 لاکھ سے زائد واٹر میٹرز کی ضرورت، خودکار ریڈنگ سے شفاف بلنگ اور پانی کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانے کا منصوبہ
لاہور | ری نیوز پاکستانپنجاب کے شہری علاقوں میں زیرِ زمین پانی کی سطح میں مسلسل کمی کے پیش نظر صوبائی حکومت نے پانی کے ضیاع پر قابو پانے اور اس کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے سمارٹ اور آٹومیٹک واٹر میٹرنگ کے فروغ کا فیصلہ کی...
پنجاب کے شہری علاقوں میں زیرِ زمین پانی کی سطح میں مسلسل کمی کے پیش نظر صوبائی حکومت نے پانی کے ضیاع پر قابو پانے اور اس کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے سمارٹ اور آٹومیٹک واٹر میٹرنگ کے فروغ کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے لاہور میں سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں واٹر میٹرنگ، پانی کی بچت اور زیرِ زمین آبی ذخائر کی بحالی کے لیے گراؤنڈ واٹر ریچارج سمیت مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
واسا حکام نے اجلاس کو بتایا کہ پنجاب میں 70 گراؤنڈ واٹر ریچارج ویلز کی تنصیب پر کام جاری ہے، جن میں سے 20 فعال ہو چکے ہیں۔ لاہور میں 40، ملتان میں 25 جبکہ فیصل آباد میں 5 ریچارج ویلز کے منصوبے زیرِ تکمیل ہیں۔
حکام کے مطابق ریچارج ویلز کے ذریعے سالانہ 11.4 ملین گیلن پانی محفوظ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ واٹر میٹرنگ اور رین واٹر ہارویسٹنگ کو بھی آبی وسائل کے تحفظ کے جامع منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے کہا کہ آٹومیٹک واٹر میٹرنگ کے ذریعے پانی کے استعمال کی خودکار ریڈنگ ممکن ہوگی اور میٹر ریڈنگ میں انسانی مداخلت کا خاتمہ کیا جاسکے گا۔ ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نظام سے بلنگ میں شفافیت اور پانی کے استعمال کی نگرانی بہتر ہوگی۔
اجلاس میں مختلف اقسام کے واٹر میٹرز کے ماڈلز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ واسا حکام کے مطابق پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 15 لاکھ 9 ہزار 288 واٹر میٹرز درکار ہیں، جن کی فراہمی کے لیے خطے کے دیگر ممالک سے نسبتاً کم قیمت پر میٹرز حاصل کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
حکام نے بتایا کہ 1970 سے 2020 تک لاہور میں زیرِ زمین پانی کی سطح میں اوسطاً سالانہ تقریباً 3 فٹ کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم صرف ٹیوب ویلز کے اوقاتِ کار میں تبدیلی سے اس کمی کو کم کرکے تقریباً ایک فٹ سالانہ تک لایا گیا۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے گراؤنڈ واٹر ریچارج ویلز کا دائرہ کار مزید بڑھانے اور شہریوں میں پانی کے محتاط استعمال اور زیرِ زمین آبی ذخائر کے تحفظ سے متعلق بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔
صوبائی حکومت کے مطابق پانی کے بڑھتے ہوئے بحران سے نمٹنے کے لیے واٹر میٹرنگ، رین واٹر ہارویسٹنگ اور گراؤنڈ واٹر ریچارج کو مربوط حکمتِ عملی کے تحت آگے بڑھایا جائے گا۔