تاریخ اشاعت: March 26, 2026 - 5:05 PM
Decision to Link Plot Buying and Selling in Punjab with Housing Schemes Management System
پنجاب میں پلاٹوں کی خرید و فروخت ہاؤسنگ سکیمز مینجمنٹ سسٹم سے منسلک کرنے کا فیصلہ
▫️ پلاٹ کی خریداری لوکیشن کی شناخت اور پی ایل آر اے کے جاری کردہ لیٹر پر ہی ممکن ہوگی
لاہور| ری نیوز پاکستان وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر اراضی کی خرید و فروخت کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے قوانین کی تیاری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ نئے قوانین کے تحت پنجاب میں پلاٹوں کی خرید و فروخت اب ہاؤسنگ سکیمز مینجم...
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر اراضی کی خرید و فروخت کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے قوانین کی تیاری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ نئے قوانین کے تحت پنجاب میں پلاٹوں کی خرید و فروخت اب ہاؤسنگ سکیمز مینجمنٹ سسٹم سے منسلک ہوگی۔ معلوم ہوا ہے کہ پہلے مرحلے میں صوبائی دارالحکومت لاہور سے پراپرٹی فائلنگ سسٹم کا خاتمہ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی پلاٹ کی خرید و فروخت اب ہاؤسنگ سکیمز مینجمنٹ سسٹم سے منسلک ہوگی۔
نئے قانون کے بعد پلاٹ کی خریداری لوکیشن کی شناخت اور پی ایل آر اے کے جاری کردہ لیٹر پر ہی ممکن ہوگی، جبکہ غیر قانونی پلاٹوں اور بے نامی فائلوں کی خرید و فروخت ممکن نہیں ہو سکے گی۔
اجلاس میں قوانین میں ترامیم پر کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ڈی جی ایل ڈی اے کے اقدامات کی تعریف کی گئی۔ وزیر ہاؤسنگ نے لوکل گورنمنٹ، روڈا اور دیگر اداروں کو بھی قوانین میں ترامیم کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کے مطابق 90 روز میں ہاؤسنگ سوسائٹیز کے این او سیز جاری کیے جائیں گے اور اصلاحاتی عمل نافذ کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے ادارہ جاتی فریم کو 7 دن میں مکمل کرنے اور حتمی سفارشات جمع کروانے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں سپیشل سیکریٹری ہاؤسنگ، لوکل گورنمنٹ، سی ای او روڈا، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی جی پی ایل آر اے اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔