تاریخ اشاعت: June 25, 2026 - 8:00 PM
ECC Approves Rs 194 Billion Financial Support Package for Power Distribution Companies
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کیلئے 194 ارب روپے کے مالی معاونت پیکج کی منظوری دیدی
▫️پیکج میں 52 ارب روپے کی ایکویٹی انجیکشن، 97.65 ارب روپے کی سبسڈی ری ایلوکیشن اور 44.2 ارب روپے کے بقایا جات کی ایڈجسٹمنٹ شامل
اقتصادی رابطہ کمیٹی (سی سی سی ) نے پاکستان کی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے لیے 194 ارب روپے کے جامع مالی معاونت پیکج کی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملک کے بجلی کے شعبے کی مالی پوزیشن بہتر بنانا اور بجلی تقسیم کے نظام کا تسلسل یقینی بنانا ہے۔
پیکج میں 52 ارب روپے کی ایکویٹی انجیکشن، ٹیرف ڈیفرنشل سبسڈی کی مد میں 97.649 ارب روپے کی ری ایلوکیشن اور 44.198 ارب روپے کے بقایا سبسڈی کلیمز کی ایڈجسٹمنٹ شامل ہے، جس سے مالی اور آپریشنل مشکلات کا شکار بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو نمایاں ریلیف ملے گا۔
سرکاری تفصیلات کے مطابق ای سی سی نے کے الیکٹرک کی ٹیرف ڈیفرنشل سبسڈی، ٹی ڈی ایس، کی مختص رقم میں سے 97.649 ارب روپے انٹر ڈسکو ٹیرف ڈیفرنشل سبسڈی کو منتقل کرنے کی منظوری دی، جس سے سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے درمیان سبسڈی سپورٹ کی زیادہ متوازن تقسیم ممکن ہو سکے گی۔
کمیٹی نے ٹرائبل ایریاز الیکٹرک سپلائی کمپنی، ٹیسکو، کے 44.198 ارب روپے کے زیر التوا ٹیرف ڈیفرنشل سبسڈی کلیمز کی سیٹلمنٹ کی بھی منظوری دی۔ اس ایڈجسٹمنٹ سے پرانے سبسڈی واجبات کلیئر ہونے اور کمپنی کی مالی پوزیشن بہتر ہونے کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ ای سی سی نے تقسیم کار کمپنیوں کی بیلنس شیٹس مضبوط بنانے اور ان کی آپریشنل پائیداری بہتر کرنے کے لیے 52 ارب روپے کی ایکویٹی انجیکشن کی بھی منظوری دی۔
حکومتی حکام کے مطابق یہ مالی پیکج بجلی کے شعبے کو سہارا دینے، سبسڈی مینجمنٹ بہتر بنانے، کیش فلو کے دباؤ کو کم کرنے اور تقسیم کار کمپنیوں کو اپنی مالی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مدد دینے کے لیے منظور کیا گیا ہے۔
پاکستان کی بجلی تقسیم کار کمپنیاں کئی برسوں سے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن لاسز، بجلی چوری، کم ریکوریز، بجلی پیداوار کی بڑھتی لاگت اور گردشی قرضے کے بڑھتے بوجھ کے باعث شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔ ان مسائل نے پاور سیکٹر کی مالی صحت کو متاثر کیا ہے اور حکومتی معاونت پر انحصار بڑھا دیا ہے۔
ای سی سی کا حالیہ فیصلہ ڈسکوز کو فوری مالی ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے بجلی تقسیم نظام کی کارکردگی، پائیداری اور طویل مدتی مالی استحکام بہتر بنانے کی وسیع تر کوششوں میں معاون ثابت ہو گا۔