تاریخ اشاعت: July 28, 2026 - 3:33 PM
ECC Approves Rs 4 Billion Grant to Fund International IPP Arbitration Cases
ای سی سی نے عالمی آئی پی پی ثالثی مقدمات کیلئے 4 ارب روپے کی گرانٹ منظور کر لی
▫️تکنیکی ضمنی گرانٹ سے آزاد بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں اور بڑی یوٹیلٹی کمپنیوں کے شئیر ہولڈرز سے متعلق عالمی قانونی کارروائیوں کے اخراجات پورے کیے جائیں گے
اقتصادی رابطہ کمیٹی (سی سی سی ) نے آزاد بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں اور بڑی یوٹیلیٹی کمپنیوں کے شئیر ہولڈرز سے متعلق عالمی ثالثی مقدمات کی پیروی کیلئے 4 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کر لی ہے۔ اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی قانونی تنازعات میں پاکستان کے مفادات کا مؤثر دفاع یقینی بنانا ہے۔
یہ منظوری وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت فنانس ڈویژن میں ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران دی گئی۔ پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی سمری کے مطابق یہ رقم آئی پی پی ڈویلپرز اور یوٹیلٹی کمپنیوں کے بڑے شئیر ہولڈرز کی جانب سے شروع کیے گئے متعدد عالمی مقدمات میں قانونی فیس، مشاورتی خدمات، ثالثی اخراجات اور دیگر متعلقہ ادائیگیوں کیلئے استعمال کی جائے گی۔
حکومت کے اس فیصلے کا مقصد عالمی ثالثی فورمز پر پاکستان کی مناسب اور مؤثر نمائندگی یقینی بنانا ہے، جہاں توانائی کے شعبے سے متعلق کئی اہم تنازعات زیرِ سماعت ہیں۔ ان مقدمات کو پاکستان کے پاور سیکٹر پر ممکنہ مالی اور معاہدوں کے اثرات کے باعث انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ایک الگ فیصلے میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بند ہونے والی جنریشن کمپنیوں کے ملازمین کی پنشن کی ذمہ داریاں متعلقہ پنشن ادا کرنے والی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو منتقل کرنے کی بھی منظوری دے دی۔
اس اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ جنریشن کمپنیوں کی بندش کے باوجود متاثرہ ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن اور دیگر ریٹائرمنٹ واجبات کی ادائیگی بلا تعطل جاری رہے۔
حکام کے مطابق پنشن ذمہ داریوں کی منتقلی سے ادائیگیوں کا نظام زیادہ منظم ہوگا، متاثرہ پنشنرز کو مالی تحفظ حاصل ہوگا اور توانائی کے شعبے میں انتظامی کارکردگی بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے یہ فیصلے توانائی کے شعبے کو درپیش قانونی اور مالی چیلنجز سے نمٹنے، عالمی معاہداتی ذمہ داریوں کی تکمیل اور سابق ملازمین کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کیلئے حکومت کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہیں۔