تاریخ اشاعت: April 10, 2026 - 9:50 AM
FBR Conducts Surprise Raids on Major Real Estate Developers in Lahore
لاہور میں بڑے رئیل اسٹیٹ ڈویلپرز کے خلاف ایف بی آر کی بڑی کارروائی، دفاتر پر چھاپے
▫️متعدد ٹیموں کی مشترکہ کارروائی، مالی ریکارڈ اور دستاویزات تحویل میں لے لی گئیں، بقایا جات اور مبینہ بے ضابطگیوں کی چھان بین کا آغاز
لاہور | ری نیوز پاکستان فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے لاہور میں دو بڑے ہاؤسنگ ڈویلپرز کے خلاف اچانک کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ان کے دفاتر پر چھاپے مارے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ کارروائی چیف ٹیکس آفس (سی ٹی او) لاہور کی ہدایات پر کی گئی،...
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے لاہور میں دو بڑے ہاؤسنگ ڈویلپرز کے خلاف اچانک کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ان کے دفاتر پر چھاپے مارے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ کارروائی چیف ٹیکس آفس (سی ٹی او) لاہور کی ہدایات پر کی گئی، جس کا مقصد ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانا اور ممکنہ بقایا جات کی وصولی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کی پانچ مشترکہ ٹیموں نے کارروائی میں حصہ لیا اور اس دوران النور آرچرڈ اور الکبیر ٹاؤن کے دفاتر سے گزشتہ برسوں کے کاروباری ریکارڈ اور مالی دستاویزات تحویل میں لے لی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان ریکارڈز کا تفصیلی جائزہ لے کر ٹیکس ادائیگیوں، مالی لین دین اور تعمیل کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
یہ کارروائی لاہور میں بڑے پیمانے پر کام کرنے والے رئیل اسٹیٹ ڈویلپرز کے خلاف حالیہ دنوں کی اہم ترین کارروائیوں میں شمار کی جا رہی ہے، جس کی نگرانی چیف ٹیکس آفس لاہور نے خود کی۔
واضح رہے کہ رائیونڈ روڈ پر واقع الکبیر ٹاؤن، الکبیر ڈویلپرز کا ایک بڑا رہائشی منصوبہ ہے جو ماضی میں بھی تنازعات کی زد میں رہا ہے۔ 2020 میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے اس منصوبے کے خلاف مبینہ دھوکہ دہی اور غیر قانونی منظوریوں کے حوالے سے تحقیقات کی تھیں، تاہم انتظامیہ نے ہمیشہ ان الزامات کی تردید کی ہے۔
دوسری جانب، شرقپور روڈ پر واقع النور آرچرڈ، الجلیل ڈویلپرز کا منصوبہ ہے جسے ایل ڈی اے سے منظور شدہ قرار دیا جاتا ہے اور یہ اپنی لوکیشن اور آسان اقساط کی وجہ سے خریداروں میں مقبول ہے۔ تاہم سوشل میڈیا پر بعض سرمایہ کاروں کی جانب سے تاخیر، اضافی چارجز اور قبضے میں مشکلات جیسے مسائل کی شکایات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق حالیہ کارروائی کا مقصد نہ صرف ٹیکس قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا ہے بلکہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں شفافیت کو بھی فروغ دینا ہے۔