تاریخ اشاعت: February 28, 2026 - 10:12 AM
FBR forms special committee to address taxpayers’ issues
ٹیکس دہندگان کے مسائل کے حل کیلئے ایف بی آر کی خصوصی کمیٹی قائم
▫️ سپر ٹیکس اور ایس آر او 350(I)/2024 پر تحفظات کا جائزہ، ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کی تجاویز پر عملی پیش رفت کا فیصلہ
اسلام آباد | ری نیوز پاکستان فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے ٹیکس دہندگان کو درپیش مسائل کے مؤثر حل اور ٹیکس نظام میں بہتری کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ ایف بی آر ہیڈکو...
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے ٹیکس دہندگان کو درپیش مسائل کے مؤثر حل اور ٹیکس نظام میں بہتری کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں ملک بھر کی ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کے ساتھ منعقد مشاورتی اجلاس کے بعد کیا گیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پاکستان، لاہور، کراچی اور راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے بالخصوص سپر ٹیکس اور ایس آر او 350(I)/2024 سے متعلق ٹیکس دہندگان کو درپیش قانونی و عملی مشکلات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین ایف بی آر نے شرکاء کو یقین دلایا کہ کاروباری طبقے اور ٹیکس دہندگان کے جائز تحفظات کے ازالے کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔
قائم کی گئی کمیٹی پیش کیے گئے نکات کا جامع اور تکنیکی جائزہ لے کر قابلِ عمل سفارشات مرتب کرے گی تاکہ مسائل کے بروقت حل کے ساتھ ٹیکس کے نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔
چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کے مشاورتی کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس قوانین اور عملی نفاذ سے متعلق ان کی پیشہ ورانہ آراء پالیسی سازی میں بہتری، نظامی اصلاحات اور رضاکارانہ ٹیکس تعمیل کے فروغ میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔
اجلاس میں پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے سرپرست رانا منیر حسین، صدر شیخ احسن الحق، لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد آصف رانا، سابق صدر چوہدری قمر الزمان، سینئر نائب صدر شیخ محمد یاسین، جنرل سیکریٹری طاہر محمود بٹ، لاہور ٹیکس بار کے جنرل سیکریٹری میاں اسد حنیف، سینئر نائب صدر فراز فضل شیخ اور کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد محمود بیکیا سمیت دیگر نمائندگان نے شرکت کی۔