اسلام آباد | ری نیوز پاکستان
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ازسرنو تشکیل اور اصلاحات کیلئے تازہ ہدایات کے بعد ٹیکس وصولی کے نظام کو سیاسی اور انتظامی مداخلت سے آزاد کرکے ادارے کو مکمل عملی خودمختاری دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ اعلیٰ سرکاری ذرائع اور ٹیکس ماہرین کے مطابق محض ادارے کا نام، انتظامی ڈھانچہ یا افسران کی ذمہ داریاں تبدیل کرنے سے ٹیکس نظام کی کارکردگی بہتر نہیں ہوگی، بلکہ مؤثر نتائج کیلئے ادارہ جاتی خودمختاری، مستقل پالیسیوں اور بلاامتیاز احتساب کو یقینی بنانا ہوگا۔
اعلیٰ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران پاکستان کے ٹیکس نظام میں مختلف نوعیت کی اصلاحات متعارف کرائی گئیں اور ان کیلئے متعدد تفصیلی منصوبے اور رپورٹس تیار کی گئیں۔ اسی سلسلے میں سینٹرل بورڈ آف ریونیو (سی بی آر) کا نام تبدیل کرکے فیڈرل بورڈ آف ریونیو رکھا گیا، جبکہ ٹیکس انتظامیہ کو ان لینڈ ریونیو سروس اور کسٹمز کے الگ سروس گروپس میں منظم کیا گیا۔
ان لینڈ ریونیو سروس کے تحت انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے انتظامی امور کو یکجا کیا گیا۔ بعدازاں پارلیمنٹ کے ذریعے نئے آپریٹنگ ماڈل اور ٹرانسفارمیشن پلان کو قانونی و انتظامی شکل دی گئی، تاہم ذرائع کے مطابق ان اقدامات کے باوجود ٹیکس وصولیوں اور انتظامی کارکردگی میں مطلوبہ بہتری حاصل نہیں ہوسکی۔
چند سال قبل ایف بی آر افسران کی کارکردگی کا جائزہ لے کر انہیں اے، بی، سی اور ڈی کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا۔ انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر بعض افسران کو کم درجوں میں رکھا گیا، جبکہ متعدد کو آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (او ایس ڈی) بنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق ان میں سے بعض افسران تاحال او ایس ڈی کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔
اسی دوران ایف بی آر کے اصلاحاتی منصوبوں کیلئے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے کروڑوں ڈالر کے قرضے بھی فراہم کیے گئے، تاہم ٹیکس مشینری کی مجموعی کارکردگی توقعات کے مطابق بہتر نہ ہوسکی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے وزیراعظم آفس میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں موجودہ ایف بی آر کو ختم کرکے اس کی جگہ ٹیکس وصولیوں کا نیا ادارہ قائم کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ اس تجویز کے بعد ٹیکس انتظامیہ کے اندر ادارے کے مستقبل، افسران کی ذمہ داریوں اور انتظامی اختیارات سے متعلق نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔
وزیراعظم آفس نے ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ 19 اکتوبر 2026 کو انسانی وسائل میں اصلاحات، ادارے کی تنظیم نو اور انتظامی ڈھانچے میں مجوزہ تبدیلیوں سے متعلق جامع پریزنٹیشن پیش کی جائے۔ اجلاس میں تمباکو کے شعبے سے ٹیکس وصولیوں اور متعلقہ معاملات پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔
دوسری جانب ایف بی آر کو مقامی سطح پر سیلز ٹیکس کی مطلوبہ وصولیاں حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث ٹیکس انتظامیہ کی استعداد اور موجودہ نظام کی مؤثریت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
آزاد ٹیکس ماہرین کے مطابق ایک طرف ایف بی آر کو زیادہ سے زیادہ محصولات جمع کرنے کے اہداف دیے جاتے ہیں، جبکہ دوسری جانب بعض بااثر شعبے اور افراد مؤثر ٹیکس وصولی کے دائرے سے باہر رہتے ہیں۔ ان کے نزدیک ایسی صورتحال میں ٹیکس انتظامیہ سے مطلوبہ کارکردگی کی توقع کرنا مشکل ہے۔