تاریخ اشاعت: June 22, 2026 - 3:00 PM
Federal Constitutional Court Calls for Strict Scrutiny in Cases Affecting Women’s Inheritance Rights
وفاقی آئینی عدالت کا خواتین کے وراثتی حقوق سے متعلق مقدمات میں سخت عدالتی جانچ کا حکم
▫️فیصلے میں کہا گیا ہے کہ خواتین وارثوں کو وراثتی حقوق سے محروم کرنے کے عمل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ خاتمہ کیا جانا چاہیے
وفاقی آئینی عدالت نے خواتین وارثوں کے وراثتی حقوق کو متاثر کرنے والی دستاویزات، معاہدوں اور قانونی معاملات سے متعلق عدالتوں کے لیے اہم اصول وضع کر دیے ہیں، قرار دیا ہے کہ خواتین کو ان کے قانونی وراثتی حصے سے محروم کرنے کی ہر کوشش کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے اور اسے غیر متزلزل عزم کے ساتھ ختم کیا جانا چاہیے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ خواتین وارثوں کے وراثتی حقوق سے متعلق معاملات میں زیادہ سخت عدالتی جانچ ضروری ہے، کیونکہ ایسے مقدمات ایک کمزور طبقے کے تحفظ سے متعلق ہوتے ہیں۔ فیصلے کے مطابق عدالتوں کو ایسی تمام دستاویزات، معاہدوں، دستبرداری ناموں یا لین دین کا غیر معمولی احتیاط سے جائزہ لینا ہوگا، جن کے نتیجے میں خواتین کے وراثتی حقوق کم یا ختم ہوتے ہوں۔
عدالت نے قرار دیا کہ ایسی کسی بھی کارروائی یا لین دین کا فائدہ اٹھانے والے شخص پر ثبوت کا بھاری بوجھ ہوگا۔ اسے معتبر اور ناقابل تردید شواہد کے ذریعے ثابت کرنا ہوگا کہ متعلقہ دستاویز خاتون نے آزادانہ، شعوری اور مکمل سمجھ بوجھ کے ساتھ تیار یا منظور کی تھی۔
فیصلے کے مطابق عدالتوں کو یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ دستاویز پر عمل کرنے والی خاتون کو لین دین کی نوعیت، اس کے قانونی اثرات اور ان وراثتی حقوق کا واضح علم تھا جو منتقل، ترک یا متاثر کیے جا رہے تھے۔ یہ بھی ثابت کرنا لازم ہوگا کہ خاتون کو آزاد، اہل اور غیر جانبدار قانونی یا مشاورتی رہنمائی تک رسائی حاصل تھی، تاکہ وہ کسی دباؤ یا اثر کے بغیر باخبر فیصلہ کر سکے۔
عدالت نے مزید ہدایت کی کہ ایسے تمام معاملات کا جائزہ لیتے وقت جبر، دھوکا دہی، غلط بیانی، ناجائز اثر و رسوخ، خاندانی دباؤ یا سماجی غلبے کے امکان کو خارج کیا جائے۔ اگر کسی معاوضے کا دعویٰ کیا جائے تو عدالتیں سخت ثبوت طلب کریں گی کہ وہ معاوضہ قانونی، حقیقی، مناسب اور قابل تصدیق طریقے سے وصول کیا گیا تھا۔
فیصلے میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ تمام متعلقہ دستاویزات کا متن خاتون کو پڑھ کر سنایا، سمجھایا اور ضرورت پڑنے پر ایسی زبان میں ترجمہ کیا گیا ہو جسے وہ مکمل طور پر سمجھتی ہو۔
عدالت نے کہا کہ خواتین وارثوں کو غور و فکر اور مشاورت کے لیے مناسب موقع فراہم کیا جانا ضروری ہے، جو جلد بازی، دباؤ یا کسی قسم کی مداخلت سے آزاد ہو۔ کوئی بھی ایسا لین دین جو بظاہر غیر منصفانہ، یک طرفہ یا خاتون کے لیے غیر متناسب طور پر نقصان دہ ہو، سخت عدالتی جانچ کا مستحق ہوگا اور واضح شواہد کے بغیر اسے قبول نہیں کیا جائے گا۔
عدالت نے مزید قرار دیا کہ ایسے معاملات سے متعلق تمام مشکوک یا مبہم حالات کی تسلی بخش وضاحت فائدہ اٹھانے والے شخص کو دینا ہوگی، بصورت دیگر اس کے خلاف منفی قانونی نتیجہ اخذ کیا جائے گا۔
فیصلے کے مطابق خواتین کے وراثتی حقوق سے محرومی سے متعلق تمام مقدمات میں عدالتوں پر لازم ہوگا کہ وہ کسی بھی ایسے لین دین کو برقرار رکھنے سے پہلے رضاکارانہ عمل اور باخبر رضامندی سے متعلق واضح عدالتی finding ریکارڈ کریں۔