تاریخ اشاعت: August 17, 2026 - 9:25 AM
Federal Government Moves to Prepare Comprehensive Development Package for Construction Sector
وفاقی حکومت کا تعمیراتی شعبے کیلئے جامع ترقیاتی پیکیج تیار کرنے کا فیصلہ
▫️کنسٹرکشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ کے قیام، خصوصی تعمیراتی بینک، ٹیکس اصلاحات اور درآمدی و برآمدی پالیسیوں میں تبدیلی کی تجاویز زیر غور
وفاقی حکومت نے ملک کے تعمیراتی شعبے کی ترقی اور اس میں موجود ریگولیٹری، مالیاتی اور عملی مسائل کے حل کیلئے جامع ترقیاتی پیکیج تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجوزہ پیکیج کا فریم ورک حتمی منظوری کیلئے وزیر اعظم کو پیش کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں وفاقی وزیر اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سینیٹر احد خان چیمہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں تعمیراتی شعبے سے متعلق مختلف اصلاحات اور تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت سرکاری ترقیاتی منصوبوں میں ڈیفیکٹ لائبیلٹی پیریڈ (DLP) یعنی تعمیر مکمل ہونے کے بعد نقائص دور کرنے کی ذمہ داری کی مدت ایک سال سے بڑھا کر تین سال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ مستقبل میں اس مدت کو پانچ سال تک بڑھانے کا بھی منصوبہ ہے۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری تعمیراتی منصوبوں کے معیار کو بہتر بنانا اور تعمیراتی کمپنیوں کی ذمہ داری بڑھانا ہے۔
مجوزہ پیکیج کے تحت کنسٹرکشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ (CIDB) قائم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اس بورڈ میں سرکاری اور نجی شعبے کے نمائندے شامل ہوں گے اور یہ تعمیراتی صنعت کے معیار کو بہتر بنانے اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے کیلئے مشترکہ پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔
اجلاس میں تعمیراتی شعبے کیلئے خصوصی کنسٹرکشن ڈویلپمنٹ بینک (CDB) کے قیام اور اس کی افادیت کا جائزہ لینے پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ تعمیراتی صنعت سے متعلق درآمدی و برآمدی پالیسیوں کو بہتر بنانے اور شعبے کیلئے مخصوص ٹیکس اصلاحات متعارف کرانے کی تجاویز بھی پیکیج کا حصہ ہیں۔
وفاقی حکومت ان تجاویز کو حتمی شکل دینے کے بعد جامع فریم ورک باضابطہ منظوری کیلئے وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔