▫️ نجی ہوٹل مالکان کو توسیع اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے ذریعے فنانسنگ دی جائے گی، وزارتِ داخلہ نے حتمی فریم ورک کی تیاری شروع کر دی
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اگست یا ستمبر 2027 میں شیڈول شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے آئندہ سربراہی اجلاس کی میزبانی کے لیے وفاقی حکومت نے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت دارالحکومت میں عالمی معیار کی رہائشی اور ہاسپٹیلٹی سہولیا...
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اگست یا ستمبر 2027 میں شیڈول شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے آئندہ سربراہی اجلاس کی میزبانی کے لیے وفاقی حکومت نے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت دارالحکومت میں عالمی معیار کی رہائشی اور ہاسپٹیلٹی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے نجی ہوٹل مالکان کو 15 سے 20 ارب روپے کے رعایتی قرضے فراہم کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اس مجوزہ منصوبے کا بنیادی مقصد سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے غیر ملکی سربراہانِ مملکت، اعلیٰ سطحی وفود اور بین الاقوامی مندوبین کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ دارالحکومت میں اس وقت موجود فور اور فائیو اسٹار ہوٹلوں کی گنجائش بڑے عالمی ایونٹس کے دوران ناکافی ثابت ہوتی ہے، جس کے پیشِ نظر نجی شعبے کو موجودہ ہوٹلوں کی توسیع اور نئے معیاری منصوبوں کی تعمیر کی ترغیب دی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق وزارتِ داخلہ نے اس فنانسنگ اسکیم کے لیے قابلِ عمل اور شفاف طریقہ کار طے کرنے کا معاملہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) اور ملک کے بڑے کمرشل بینکوں کے سپرد کیا ہے۔ مجوزہ پلان کے تحت ہوٹل انڈسٹری سے وابستہ سرمایہ کاروں کو کم شرحِ سود پر قرضے دیے جائیں گے تاکہ وہ مقررہ مدت کے اندر تعمیراتی اور تزئین و آرائش کے کام مکمل کر سکیں۔
تاہم متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اس تجویز کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ابھی حتمی ریگولیٹری فریم ورک اور قرضوں کی واپسی کی شرائط طے ہونا باقی ہیں۔ مالیاتی ماہرین اور کمرشل بینکوں کی مشاورت سے اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ رعایتی قرضوں پر سبسڈی کا بوجھ کس طرح برداشت کیا جائے گا اور بینکوں کو کس نوعیت کی ضمانتیں فراہم کی جائیں گی۔
رئیل اسٹیٹ اور ہاسپٹیلٹی سیکٹر سے وابستہ حلقوں نے حکومتی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ فنانسنگ پلان بروقت منظور ہو جاتا ہے تو اس سے نہ صرف اسلام آباد کے کمرشل رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کی نئی لہر آئے گی بلکہ سیاحت اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔