نیشنل
وفاقی و صوبائی حکومتیں فوری فنڈز فراہم کریں، سڑک کی تکمیل سے مسافت 150 کلومیٹر اور سفر دو گھنٹے کم ہو جائے گا: امان اللہ کنرانی
بلوچستان میں کام تکمیل کی جانب گامزن، سندھ کے حصے کیلئے وفاقی بجٹ میں مختص رقم نہ ہونے کی نشاندہی؛ منصوبے سے موٹروے تک رسائی آسان ہونے کی توقع
کوئٹہ | ری نیوز پاکستان
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن پاکستان کے سابق صدر اور سابق سینیٹر امان اللہ کنرانی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ صحبت پور تا کشمور روڈ کی تعمیر کیلئے فوری فنڈز فراہم کرکے سٹریٹجک اہمیت کے حامل منصوبے کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ منصوبے کے بلوچستان میں واقع حصے پر کام صوبائی وزیر مواصلات میر سلیم خان کھوسہ کی کوششوں اور جام کمال سے لے کر میر سرفراز بگٹی تک صوبائی حکومتوں کی توجہ کے باعث تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ تاہم، سندھ میں اس سے آگے سڑک کی تعمیر کیلئے ماضی میں سروے کے ٹینڈر ہونے کے باوجود منصوبے کو تاحال وفاقی بجٹ میں حصہ نہیں مل سکا۔
کنرانی کے مطابق سڑک مکمل ہونے سے براستہ کشمور موٹروے تک رسائی آسان ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے پنجاب اور خیبر پختونخوا جانے والے مسافروں کو جیکب آباد اور سکھر کے راستے گڈو کشمور موٹروے انٹرچینج تک پہنچنے کے مقابلے میں تقریباً 150 کلومیٹر کم سفر کرنا پڑے گا، جس سے سفر کے دورانیے میں دو گھنٹے کی کمی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ راستہ ڈیرہ بگٹی سمیت سوئی، اُچ، پیرکوہ اور لوٹی گیس فیلڈز کے بلوچستان کے دیگر علاقوں سے مواصلاتی رابطوں کو بھی بہتر بنائے گا۔
کنرانی نے نشاندہی کی کہ حالیہ وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں کشمور تا سوئی روڈ شامل ہے، لیکن صحبت پور تا کشمور روڈ کو شامل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ انہیں کشمور تا سوئی روڈ کی تعمیر پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم ان کے بقول ڈیرہ بگٹی کے باشندے بلوچستان اور سندھ کے درمیان آمدورفت کیلئے صحبت پور تا کشمور راستے کو ترجیح دیں گے، کیونکہ دونوں صوبوں میں اس راستے کے اطراف بگٹی قبائل کی بڑی تعداد آباد ہے۔