تاریخ اشاعت: August 25, 2026 - 11:44 AM
FESCO, GEPCO and IESCO Restructuring: Government Establishes New SPV Company
فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کی تنظیم نو، حکومت نے SVP کے نام سے نئی کمپنی قائم کردی
▫️ینوں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے منتخب اثاثے، زمین اور بعض واجبات حکومت کی ملکیت میں قائم سپیشل پرپز وہیکل (SPV) میں منتقل کیے جائیں گے
فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کی تنظیم نو کے منصوبے کی منظوری کے بعد حکومت نے اسپیشل پرپز وہیکل (SPV) کے نام سے نئی کمپنی قائم کردی ہے۔
منصوبے کے تحت تینوں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے منتخب اثاثے، تمام متعلقہ زمین اور بعض واجبات حکومت کی ملکیت میں قائم کی جانے والی ایس پی وی کمپنی میں منتقل کیے جائیں گے۔
منتقل کیے جانے والے واجبات میں پہلے سے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور ریٹائرمنٹ سے متعلق دیگر ذمہ داریاں بھی شامل ہوں گی، تاہم موجودہ ملازمین کی ریٹائرمنٹ سے متعلق معاملات اور واجبات متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے ذمے رہیں گے۔
منصوبے کے مطابق ملازمین کے مفادات کا قابلِ اطلاق قوانین اور لین دین کے طریقہ کار کے تحت تحفظ کیا جائے گا۔ اس عمل کے ہر مرحلے پر تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو بھی مناسب طور پر آگاہ رکھا جائے گا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا ہے کہ صارفین کو پاکستان کے موجودہ ریگولیٹری فریم ورک کے تحت تحفظ حاصل رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ بجلی کے نرخ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے مقررہ طریقہ کار اور حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق طے ہوتے رہیں گے۔
محمد علی کے مطابق تنظیم نو کے عمل سے بجلی کی خدمات کے معیار، کارکردگی اور صارفین کو فراہم کی جانے والی سروسز میں نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے۔