اسلام آباد | ری نیوز پاکستان
فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) نے مری میں انگوری روڈ پر واقع موضع چراہان میں مجوزہ مشترکہ منصوبے کے تحت اپارٹمنٹس اور تجارتی سہولتوں کی تعمیر کی تجویز کا جائزہ لینے کیلئے ٹرانزیکشن ایڈوائزر کی خدمات حاصل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
16 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ خریداری نوٹس کے مطابق اتھارٹی ایک نجی ڈویلپر کی پیش کردہ تجویز کو ایف جی ای ایچ اے جوائنٹ وینچر اینڈ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ رولز 2025 کے قاعدہ 9(3) کے تحت پراسیس کر رہی ہے۔ منصوبہ ابتدائی طور پر 84 کنال پر تجویز کیا گیا ہے، جبکہ رقبہ ایک ہزار کنال تک بڑھانے کے امکان کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
مجوزہ انتظام کے تحت زمین ایف جی ای ایچ اے کے نام منتقل کی جائے گی اور اتھارٹی ضروری منظوریوں کے حصول میں سہولت فراہم کرے گی۔ رہائشی اپارٹمنٹس کا 20 فیصد اہل ممبران کیلئے رعایتی نرخوں پر مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
منصوبے میں تجارتی حصہ، اتھارٹی کیلئے مسلسل آمدن کے ذرائع اور اس کے مختص کوٹے کیلئے بائی بیک، یعنی واپس خریداری، کی سہولت بھی تجویز کی گئی ہے۔
مجوزہ شرائط کے مطابق نجی ڈویلپر منصوبے کے ڈیزائن، تعمیر، فروخت اور مالی وسائل کی فراہمی کا ذمہ دار ہوگا۔ ایف جی ای ایچ اے کی جانب سے ایکویٹی سرمایہ کاری نہ کرنے اور ڈویلپر کے منصوبے سے متعلق واجبات کی ذمہ داری قبول نہ کرنے کی شرائط بھی تجویز کا حصہ ہیں، جن کا ابھی جائزہ لیا جانا ہے۔
ٹرانزیکشن ایڈوائزر زمین اور ڈویلپر کی قانونی، مالی اور متعلقہ دستاویزی جانچ، منصوبے کی فزیبلٹی، مالیت کے تعین، ترقیاتی اخراجات اور ادائیگی کے منصوبوں کا جائزہ لے گا۔
مشیر اہل ممبران کے کوٹے پر پیش کردہ رعایت، مجوزہ تجارتی حصے، رقبے کی ممکنہ توسیع اور بائی بیک انتظام کی شرائط و ضمانتوں کا بھی تجزیہ کرے گا۔ موجودہ مرحلہ تجویز کی جانچ اور مشاورتی خدمات کے حصول سے متعلق ہے۔